یو این آئی
ملبورن/پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم نے نئے سال کا آغاز شاندار انداز میں کرتے ہوئے بگ بیش لیگ میں سڈنی سکسرز کو اہم فتح دلوا دی۔ ملبورن میں کھیلے گئے میچ میں سڈنی سکسرز نے میلبرن رینی گیڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے ۔165 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سڈنی سکسرز کی جانب سے بابر اعظم نے اننگز کو سنبھالا اور میچ وننگ کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے محض 46 گیندوں پر 58 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ بابر کا بھرپور ساتھ جوئل ڈیوس نے دیا جنہوں نے صرف 15 گیندوں پر برق رفتار 34 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پار کروائی۔میچ کی ایک دلچسپ بات یہ تھی کہ پاکستانی ٹیم کے دو قریبی دوست، بابر اعظم اور محمد رضوان، جو گزشتہ رات ایک ساتھ نئے سال کا جشن منا رہے تھے ، میدان میں ایک دوسرے کے حریف کے طور پر نظر آئے ۔ تاہم، کارکردگی کے لحاظ سے یہ دن بابر اعظم کے نام رہا۔اس سے قبل میلبرن رینی گیڈز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے تھے ۔جوش براؤن 43 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے ۔