عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر اسمبلی سپیکر عبدالرحیم راتھر نے پیر کو بجٹ اجلاس کی کامیابی کے لیے اراکین کی حمایت طلب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں جمہوریت اختلاف رائے کی گنجائش فراہم کرتی ہے، تمام اراکین کو ایک دوسرے کا احترام اور غیر ضروری تصادم سے گریز کرنا چاہیے۔انہوں نے ارکان کو یہ بھی یقین دلایا کہ انہیں 27 دن کے بجٹ اجلاس کے دوران مناسب وقت دیا جائے گا، جس کی پہلی ششماہی میں 19 فروری تک روزانہ دو اجلاس ہوں گے۔سپیکر نے ایوان میں لیفٹیننٹ گورنر کا خطاب پیش کرنے کے فورا ًبعد کہا”یہ ایوان ان لوگوں کی امیدوں، امنگوں اور اعتماد کی نمائندگی کرتا ہے جنہوں نے ہمیں منتخب کیا اور ہمیں یہاں بھیجا ہے، ان لوگوں کی خدمت کرنا نہ صرف ایک اعزاز ہے بلکہ ایک گہری ذمہ داری بھی ہے،” ۔سیشن کو انتہائی قیمتی قرار دیتے ہوئے، راتھر نے کہا کہ بلاشبہ جمہوریت میں اختلاف رائے کی گنجائش ہے۔انہوں نے کہا “تاہم، ان اختلافات کو باوقار انداز میں ظاہر کیا جانا چاہیے، ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے اور غیر ضروری محاذ آرائی میں الجھنے سے گریز کرنا چاہیے،ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ ہم یہاں جو کچھ بھی کرتے ہیں، باہر کے لوگ اسے دیکھ رہے ہیں‘‘۔