سوپور میں ملی ٹینٹوں کاساتھی گرفتار:پولیس

 غلام محمد

سوپور// پولیس نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر سوپور میں کالعدم لشکر طیبہ کے ایک ساتھی کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا ۔پولیس نے ایک بیان میںکہا کہ دہشت گرد ساتھیوں کی نقل و حرکت سے متعلق مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، پولیس نے 52آر آر اور سی آر پی ایف 177بٹالین کے ساتھ مل کر ریلوے اسٹیشن پیٹھ سیر علاقے کے قریب تلاشی مہم شروع کی۔ تلاشی کے دوران ایک مشتبہ شخص کو روکا گیا جس نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن الرٹ پارٹی نے اسے گرفتار کر لیا۔ اس کی شناخت عمر بشیر بٹ ولد بشیر احمد بٹ ساکن منز سیر کے طور پر کی گئی ہے جس کا تعلق کالعدم لشکر طیبہ سے ہے۔ اس کی ذاتی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 1 گرینیڈ، 1 پستول، 1 پستول میگزین، 15 پستول کے زندہ رانڈز اور ایک موبائل فون (Samsung A-13) کے ساتھ سم کارڈ برآمد ہوا۔اسی مناسبت سے پولیس اسٹیشن تارزو سوپور میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔