ٹی ای این
سرینگر//عالمی تناؤ اوردیگرعوامل کی وجہ سے ملک بھرمیں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ریکارڈ توڑ اضافہ درج ہوا ہے۔نئی دہلی سے ملنے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق28 جنوری2026 کو ہندوستانی بلین مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے تاریخ رقم کی۔ بین الاقوامی اسپاٹ گولڈ کی قیمتیں پہلی بار 5,200 ڈالر فی اونس سے تجاوز کر گئیں، جبکہ مقامی قیمتیں بھی ریکارڈ سطح پر ہیں۔بدھ کی صبح بازار کھلتے ہی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں زبردست اضافہ دیکھا گیا۔ دہلی میں بدھ کو سونے کی قیمت1,62,090 روپے فی10گرام تک پہنچ گئی۔ ممبئی اور کولکتہ میں، یہ 1,61,940روپے کی قیمت پرسونا ٹریڈ کر رہا ہے۔ملک کے دوسرے بڑے شہروں بشمول احمد آباد، چنئی، حیدرآباد، جے پور، بھوپال، لکھنو اور چندی گڑھ میں بھی سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتوںمیں ریکارڈ اضافہ پایاگیاہے۔ زیورات کیلئے استعمال ہونے والے22 قیراط سونے کی قیمت دہلی میں 1,48,590 روپے اور ممبئی میں 1,48,440 روپے فی 10 گرام ریکارڈ کی گئی ہے۔ چاندی میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ ہندوستان میں ایک کلو چاندی کی قیمت 3,70,100روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ چنئی اور حیدرآباد جیسے کچھ شہروں میں ایک کلو چاندی کی قیمت 3,87,100 فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ریکارڈتوڑ اضافہ ہونے کی کچھ اہم وجوہات میں عالمی تنائواور امریکی فیڈرل ریزرو کی مانیٹری پالیسی بتائی جاتی ہے۔