سوریہ کمار ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر پہنچے

دبئی// ہندوستان کے جارحانہ بلے باز سوریہ کمار یادو نے پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ کر آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں تیسرا مقام حاصل کر لیا ہے ۔بدھ کو جاری کردہ آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق سوریہ کمار 780 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ بابر 771 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔منگل کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی 20 میں سوریہ کمار کی 25 گیندوں پر 46 رنز کی دھماکہ خیز اننگز نے انہیں ٹاپ رینک والے محمد رضوان کے ایک قدم قریب پہنچا دیا۔بابر کے ہم وطن رضوان اور سوریہ کمار کے درمیان صرف 45 ریٹنگ پوائنٹس کا فرق ہے ۔اپنی شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے رضوان نے منگل کو کراچی میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کے خلاف نصف سنچری اسکور کی جس کی بدولت وہ اپنے کیرئیر کی بہترین ریٹنگ 825 تک پہنچ گئے ۔ دوسری جانب بابر اس میچ میں صرف 31 (24) رنز ہی بنا سکے جس نے ان کی رینکنگ کو متاثر کیا۔دریں اثنا، ہندوستانی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا موہالی ٹی 20 میچ میں ناٹ آوٹ 71 (30) کی بدولت بلے بازوں کی فہرست میں 22 درجے چھلانگ لگا کر 65 ویں نمبر پر پہنچ گئے ۔پانڈیا اب گلین میکسویل کو پیچھے چھوڑ کر آل راؤنڈر کی فہرست میں پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اکسر پٹیل (17 رنز، تین وکٹیں) بھی گیند بازوں کی فہرست میں 57 مقام کی چھلانگ لگا کر 33 ویں نمبر پر ہیں۔