عظمیٰ نیوزڈیسک
ریاض//سعودی عرب میں اسلامی سال 1445 ہجری کے آغاز کی مناسبت سے کعبہ کا غلاف “کسوہ” یکم محرم الحرام ، بدھ کے روز ایک پروقار سالانہ تقریب کے دوران تبدیل کیا گیا۔حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی زیر نگرانی کنگ عبدالعزیز کسوہ کمپلیکس کے ماہرین کی ایک ٹیم نے یہ کام مکمل کیا۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق، پرانے غلاف کی جگہ نئے ہاتھ سے بنے ہوئے کسوہ (غلاف کعبہ کا عربی نام) کی تبدیلی کا عمل دس مراحل پر مشتمل تھا۔ اس میں 130 تکنیکی ماہرین اور ہنر مندوں نے حصہ لیا۔کعبہ کو ڈھانپنے والا نیا غلاف 850 کلو گرام خام ریشم، 120 کلوگرام سونے کے تاروں اور 100 کلوگرام چاندی کے تاروں سے بنایا گیا ہے۔ نئے غلاف کعبہ کی تیاری پر تقریبا 25 ملین ریال لاگت آئی ہے۔غلاف کعبہ دنیا کی سب سے بڑی سلائی مشین پر انتہائی احتیاط سے تیار کیا گیا۔ سیاہ رنگ کے ریشمی کپڑے پر سونے کی تاروں سے قرآن کی آیات لکھی گئی ہیں۔ یہ سونے کی کڑھائی والے 56 ٹکڑوں پر مشتمل ہے اور ہر ایک کو مکمل ہونے میں 60-120 دن لگتے ہیں۔اس سے قبل کنگ عبدالعزیز کسوہ کمپلیکس سے غلاف کعبہ کو مخصوص ٹرکوں اور گاڑیوں سے مخصوص راستے سے جلوس کی شکل میں المسجد الحرام تک لایا گیا۔