یواین آئی
دوحہ/ فٹ بال کی عالمی تنظیم (فیفا) کے صدر جیانی انفانٹینو نے کہا ہے کہ سعودی عرب عالمی فٹ بال کے نقشے پر ایک بڑے مرکز کے طور پر ابھرا ہے ۔ انہوں نے پیش گوئی کی ہے کہ سعودی پرو لیگ جس تیزی سے ترقی کر رہی ہے ، وہ جلد ہی دنیا کی ٹاپ تین بہترین لیگز میں شامل ہو جائے گی۔ ایک انٹرویو میں فیفا صدر نے سعودی فٹ بال میں حالیہ برسوں کے دوران ہونے والی تبدیلیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا سعودی لیگ اب ایک عالمی رنگ اختیار کر چکی ہے ، جس میں کرسٹیانو رونالڈو جیسے دنیا کے صف اول کے فٹ بالرز شامل ہیں۔یہ لیگ نہ صرف معیار بلکہ بین الاقوامی موجودگی کے لحاظ سے بھی دنیا کی بہترین لیگز کو ٹکر دے رہی ہے ۔انفانٹینو نے 2022 کے ورلڈ کپ میں سعودی عرب کی ارجنٹائن کے خلاف تاریخی فتح کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سعودی قومی ٹیم میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ 2026 کے ورلڈ کپ میں اسپین جیسی بڑی ٹیموں کے خلاف بھی ایسے ہی حیران کن نتائج دے سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں خواتین کے فٹ بال پر دی جانے والی توجہ قابلِ ستائش ہے اور یہ شعبہ مستقبل میں مزید ترقی کے لیے تیار ہے ۔فیفا صدر نے سعودی عرب کی جانب سے ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی پر ذاتی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا”سعودی عرب ایک مہمان نواز ملک ہے جس کی ثقافت، لذیذ پکوان اور بہترین لوگ اس بڑے عالمی ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی فٹ بال نے نہ صرف سینئر بلکہ جونیئر کیٹیگریز میں بھی غیر معمولی ترقی کی ہے ، جو ملک میں فٹ بال کے روشن مستقبل کی علامت ہے ۔