سری نگر جموں قومی شاہراہ پر دو طرفہ ٹریفک کی روانی جاری

ایم ایم پرویز

رام بن//سری نگر جموں قومی شاہراہ اتوار کو ہلکی اور درمیانی مسافر گاڑیوں کی دو طرفہ اور کشمیر کیلئے بھاری گاڑیوں کی یک طرفہ ٹریفک کیلئے کھلی رہی تاہم صبح کے اوقات میں مختلف تنگ سڑکوں اور چار لین تعمیرات پر ٹریفک کی بھیڑ دیکھی گئی۔

 

ٹریفک حکام نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شام 5 بجے تک اتوار کو جموں سری نگر قومی شاہراہ دو گھنٹے 45 منٹ تک بلاک رہی۔انہوں نے بتایا کہ بانہال۔قاضی گنڈ سرنگ کے بند ہونے کی وجہ سے شاہراہ دو گھنٹے 15 منٹ تک اور ناشری کے قریب ڈلواس میں سڑک کی بحالی کے کاموں کی وجہ سے 30 منٹ تک بلاک رہی۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ناشری اور بانہال سرنگوں کے درمیان مختلف مقامات پر سات بھاری گاڑیوں کے ٹوٹنے اور خانہ بدوشوں اور ان کے مویشیوں کی پیدل نقل و حرکت کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت سست ہے۔رام بن میں ٹریفک کے ضابطے کی نگرانی کرنے والے ٹریفک حکام نے بتایا کہ سینکڑوں پرائیویٹ کاریں، مسافر لائٹ اور درمیانی گاڑیاں شاہراہ کے ناشری۔

 

بانہال سیکٹر کو عبور کر کے اپنی اپنی منزلوں کیلئے جا چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جکھینی، ادھم پور سے چھوڑی جانے والی بھاری گاڑیاں ہائی وے پرمنظم طریقے سے کشمیر کی طرف رام بن۔بانہال سیکٹر کو عبور کر رہی ہیں۔