آبی ذخائر اور نل جم گئے،دراس میں درجہ حرارت منفی24.5تک گرا
سرینگر// وادی میں ٹھٹھرتی سردیوں کا زور جاری ہے اور اس دوران سرینگر سمیت کئی مقامات پر رواں سیزن کی اب تک کی سرد ترین راتیں ریکارڈ ہوئی ہیں۔ادھرسرینگر میں ڈل جھیل کے کچھ حصے جمعہ کے روز جم گئے کیونکہ شہر میں موسم سرما کی سرد ترین رات کا تجربہ کیا گیاجس کے ساتھ وادی کشمیر میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی ڈگری نیچے چلا گیا۔ حکام نے بتایا کہ سرینگر میں جمعرات کی رات منفی 6.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ شہر میں اس سیزن کی اب تک کی سرد ترین رات تھی، اور کم از کم درجہ حرارت سیزن کے معمول سے 4.1 ڈگری کم تھا۔وادی میں ضلع شوپیان سرد ترین علاقہ رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔ مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی7.2 اور منفی7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.8 جبکہ قاضی گنڈ میں منفی6.2 ڈگری ریکارڈ ہوا ۔ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ، پلوامہ اور کولگام اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی7.1 ، منفی7.5 اور منفی3.5 ڈگری ریکارڈ ہوا ۔ شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی5.7 اور منفی5.2 ڈگری ریکارڈ ہوا جبکہ وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی5.9 اور منفی5.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔ لداخ یونین ٹریٹری میں قصبہ دراس سرد ترین علاقہ رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی24.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ لیہہ اور کرگل اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی14.4 اور منفی13.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 10 جنوری تک شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ ہو سکتی ہے ۔