بلال فرقانی
سرینگر//26 جنوری کی تقریبات کے پیش نظر سری نگر میںسیکورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ پولیس نے منگل کو دریائے جہلم میں واقع مختلف ہاؤس بوٹوںکی تلاشی مہم انجام دی۔ کوٹھی باغ پولیس، سی آر پی ایف کی 132 بٹالین اور ایس ایس بی کی 10ویں بٹالین کے اہلکاروں نے تلاشی مہم کے دوران ہاؤس بوٹوں کے ریکارڈ، مہمانوں کی تفصیلات اور دیگر ضروری دستاویزات کی باریک بینی سے جانچ کی گئی۔حکام نے بتایا کہ یہ اقدام صرف ہاؤس بوٹس تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک وسیع سیکورٹی مہم کا حصہ ہے، جو وادی بھر میں یومِ جمہوریہ سے قبل چلائی جا رہی ہے۔ اس سے قبل سری نگر سمیت مختلف علاقوں میں ہوٹلوں اور ہوم اسٹیز کی بھی جانچ کی جا چکی ہے تاکہ قانونی ضوابط اور سیکیورٹی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔پولیس نے بتایا کہ حالیہ کارروائیوں کے دوران سری نگر میں کئی غیر رجسٹرڈ ہوٹلوں، ہوم اسٹیز اور گیسٹ ہاؤسز کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے، جن پر جرمانے عائد کیے گئے اور بعض کے خلاف حفاظتی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔