سرینگر میں بدنام زمانہ منشیات فروش میاں بیوی گرفتار بڈگام میں ملکیتی اراضی پر قبضہ کرنے والی خاتون پر پی ایس اے عائد

بلال فرقانی+ارشاد احمد

سرینگر +بڈگام// سرینگر پولیس نے درگاہ حضرتبل علاقے میں بدنام زمانہ منشیات فروش میاں بیوی کو گرفتار کرلیا ہے۔مذکورہ خاتون کا بھائی بھی منشیات کے دھندہ میں ملوث ہونے کی پاداش میں نظر بند ہے۔ادھراونتی پورہ میں پولیس نے ایک منشیات سمگلر کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس نے بتایاکہ انہو ں نے درگاہ علاقے سے سونہ وار سے تعلق رکھنے والے بدنام زمانہ منشیات فروش میاں بیوی لالی جان ساکن گاسو حضرتبل اور جاوید احمد وانی ساکن سونہ وار کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔انکی تحویل سے 420گرام چرس بھی بر آمد کیا گیا اور جس گاڑی کا استعمال وہ کررہے تھے وہ بھی ضبط کی گئی۔نگین پولیس نے میاں بیوی کیخلاف نارکو ٹکس ایکٹ کے تحت کیس زیر نمبر 136/2022درج کیا ہے۔لالی جان نامی منشیات سمگلر خاتون کا بھائی بھی یہی کام کرتا تھا جو PSAکے تحت گرفتار ہے۔
بڈگام
بڈگام میں غیر قانونی سرگرمیوں، دھوکہ دہی اور ملکیتی اراضی پر ناجائز قبضہ کرنے پر ایک خاتون پر پبلک سیفٹی ایکٹ کا نفاذ عمل میں لاتے ہوئے اس کے خلاف قانونی کارروائی انجام دی گئی۔ بڈگام پولیس کے بیان کے مطابق بدنام زمانہ دھوکہ باز اور ٹھگی میں ماہر خاتون شوخی زوجہ غلام رسول ڈار عرف لسہ شکاری ساکن گنگہ بگ کے خلاف دھوکہ دہی، غیر سماجی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو دھوکہ دینا اور لوٹنے پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے پبلک سیفٹی ایکٹ کا نفاذ عمل میں لایا گیا۔پولیس کے مطابق مذکورہ خاتون سادہ اور معصوم لوگوں کو بے وقوف بناکر لوٹ رہی تھی جبکہ متعدد بار وہ زمینوں کے سودے کے بہانے لوگوں کی ملکیتی اراضی پر زبردستی قبضے میں ملوث پائی گئی جو اس نے دھوکہ دہی کے ذریعے حاصل کی تھی۔پولیس نے مزید بتایا کہ مذکورہ خاتون اپنے مجرمانہ فعل کو انجام دینے کے لئے اپنے ساتھیوں کی مدد سے ملکیتی اراضی اور جائیداد کے مالکان پر حملے بھی کرتی تھی اور اپنے علاقے کے عام لوگوں کو ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت نہ دینے پر سنگین نتائج اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتی تھی۔زیر درج مقدمہ میں ملوث خاتون اور غلام رسول ڈار عرف لاسہ شکاری نامی زمین کے دلال کی بیوی ہے اور یہ دونوں جعلی ریونیو دستاویزات پر اراضی اور جائیداد فروخت کرنے والے معاملات میں مداخلت کرتے ہوئے بھی پائے گئے ہیں۔مذکورہ خاتون کے خلاف مسلسل شکایت اور معاملات ضلع سرینگر اور بڈگام میں درج دھوکہ دہی کے 7 مقدمات میں ملوث ہونے پرخاتوں کو حراست میں لے کر پبلک سیفٹی ایکٹ کا نفاذ عمل میں لایا گیا۔