سرینگر میں’ امن کیلئے سائیکل دوڑ‘ کا اہتمام ۔2264نوجوانوں اورسکولی طلبا و طالبات کی بھاری شرکت

سری نگر// سرینگر میں جمعے کی صبح جے اینڈ کے پولیس کی جانب سے پیڈل فار پیس (امن کیلئے سائیکلنگ) ریس کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریس میں 2264 نوجوان ،نوعمر اورنونہال سائیکل سواروںنے حصہ لیا جس میں لڑکیوں کی بھی اچھی خاصی تعداد شامل تھی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ اور ایڈیشنل ہوم سیکرٹری آر کے گوئل نے کھیل کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے درمیان انعامات تقسیم کئے۔ دلچسپ بات تھی کہ اس سائیکل ریس میں حصہ لینا والا سب سے چھوٹا کھلاڑی صرف اڑھائی سال کا تھا، اس کوخصوصی انعام سے نوازا گیا اوراسکی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دلباغ سنگھ کا کہنا تھا کہ 2014 سے پیڈل فار پیس (امن کیلئے سائیکلنگ) ریس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ آپ دیکھ رہے ہیں ہر سال اس ریس کی طرف لوگ راغب ہورہے ہیں۔ یہ پولیس کی جانب سے عوام کو اپنے ساتھ جوڑنے کی پہلا کا حصہ ہے۔ امن کے قیام کیلئے باہمی تعاون کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے مزید کہا کہ امن و امان کیلئے ایسی تقاریب کا اہتمام ضروری ہے، بچوں کو عسکریت پسندی کے رجحانات، منشیات اور دیگر لت سے دور رکھنے میں یہ تقاریب غیر معمولی رول اداکرتی ہیں۔انعامات سے نوازے جانے کھلاڑیوں کے چہرے پر خوشی و مسرت کے آثار نمایاں تھے، انہوں نے پولیس کا شکریہ ادا بھی کیا،اْن کا ماننا ہے کہ ایسے پروگرامز سے نہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ دیگر افراد بھی کھیل کی جانب راغب ہوتے ہیں۔ڈی جی پی نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس متعدد تقریبات اور پروگرام منعقد کر رہی ہے جس کا مقصد پولیس اور لوگوں کی ایک ساتھ شرکت کرنا ہے۔ وردی میں ہو یا بغیر وردی کے ہم ایک خاندان ہیں اور ہمارا مشن ایک ہے جو ہمارے بچوں کا روشن مستقبل ہے، ہر عمر کے لوگوں کے لیے محفوظ زندگی ہو۔ ڈی جی پی نے جشن ڈل کے آنے والے پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ڈل جھیل ہمارا فخر ہے، کشمیر کی خوبصورتی پر ڈل جھیل کے بغیر بات نہیں ہوتی اور اسے صاف ستھرا رکھنے میں مدد کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہونی چاہیے۔ اس سال سیاحوں کی آمد کا تذکرہ کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ کشمیر کی خوبصورتی اور مہمان نوازی ایک بار پھر پوری دنیا میں زیر بحث ہے اور امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں بھی یہ سیاحوں کی اولین ترجیح رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس کو عوام کی طرف سے جو تعاون مل رہا ہے وہ موجودہ امن کو مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے آج کے ایونٹ کے فاتحین کو مبارکباد دی۔فلیگ ان پریزنٹیشن تقریب میں ڈائرکٹر جنرل آف پولیس شری دلباغ سنگھ اور فنانشل کمشنر (ایڈیشنل چیف سکریٹری) محکمہ داخلہ جے اینڈ کے جناب آر کے گوئل نے شرکت کی۔اسپیشل ڈی جی شری آر آر سوین اور شری اے کے چودھری، ڈی جی جیل شری ایچ کے لوہیا، اے ڈی جی پی شری ایم کے سنہا، شری سنیل کمار، شری دانش رانا، شری وجے کمار، ڈویژنل کمشنر کشمیر شری پانڈورنگ کے پول، آئی جی پی شری وکرمجیت سنگھ، شری بی ایس توتی۔ ڈی آئی جی شری سوجیت کمار، شاہد مہراج ڈی سی سری نگر، ایس ایس پی سری نگر، پی ایچ کیو میں تعینات اےآئی جیز، کشمیر میں مقیم اے پی/آئی آر پی بٹالینز کے کمانڈنٹ، سول انتظامیہ کے افسران، اور لوگوں کی بڑی تعداد نے پریزنٹیشن تقریب میں شرکت کی ۔