اشرف چراغ
سرینگر//کپوارہ میں پولیس نے جمعرات کوUAPAایکٹ کی دفعات کے تحت ایک ملزم کی جائیدادضبط کرلی جبکہ سری نگرپولیس نے NDPSایکٹ کی دفعات کے تحت ایک منشیات فروش کا2منزلہ مکان منسلک کردیا ۔ پولیس نے ایک بیان میں کہاکہ کپوارہ پولیس نے جمعرات 18دسمبر2025 کو ملزم ولی محمد میر، ولد محمد صادق میر ساکنہ مرساری چوکیبل، ضلع کپواڑہ کی جائیداد ضبط کر لی ہے، جس کے سلسلے میں ایف آئی آر نمبر53/2025 پولیس سٹیشن کرالپورہ میںآرمزایکٹ کی دفعہ7/25 اور UAPAایکٹ کے سیکشن13،23اور39 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق منسلک جائیداد میں ملزم کا ایک دو منزلہ رہائشی مکان شامل ہے۔ یہ 2025 کے PHQ آرڈر نمبر 4589 مورخہ 8دسمبر2025 کی تعمیل میں کیا گیا تھا، جس کی باقاعدہ طور پر ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، جے اینڈ کے نے منظوری دی تھی، اور قانون کے مطابق سختی سے عمل میں لایا گیا تھا۔اس دوران سری نگر پولیس نے این ڈی پی ایس کیسوں کے سلسلے میں ایک 2منزلہ مکان کو منسلک کیا۔ پولیس اسٹیشن بمنہ نے جمعرات کو برتھنہ علاقے میں ایک2 منزلہ رہائشی مکان کو منشیات مخالف کے قانون کے تحت کارروائی کے تحت منسلک کیا۔ حکام نے بتایا کہ یہ جائیداد خسرہ نمبر 155 کے تحت آتی ہے اور مشتاق احمد گنائی ولد غلام احمد کی ملکیت ہے۔پولیس کے مطابق یہ قرقی مشتاق احمد گنائی کے بیٹے شاہد مشتاق گنائی کے خلاف منشیات سے متعلق2 الگ الگ مقدمات کے سلسلے میں درج کی گئی ہے۔ یہ مقدمات این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8/21 کے تحت ایف آئی آر نمبر 67/2025 اور این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ8/20 کے تحت ایف آئی آر نمبر 108/2025 ہیں، دونوں پولیس اسٹیشن بمنہ میں درج ہیں۔ علاقے کے مقامی لوگ جمع ہوئے جب حکام نے مجسٹریٹ سطح کی نگرانی کی موجودگی میں منسلکہ کا رسمی طریقہ کار انجام دیا۔