اشفاق سعید
سرینگر //سرینگر اور جموں ہوائی اڈوں سے منگل کو بھی انڈیگو کے فلائٹ آپریشن میں خلل رہا۔ مجموعی طور پر 7پروازیں منسوخ کی گییں لیکن23پروازوں نے اڑان بھری۔انڈیگو حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ منگل کو سرینگر کیلئے 17اڑانیں شیڈول تھیں جن میں سے 5منسوخ ہوگئیں تاہم دن کے دوران 12پروازوں نے اڑان بھری۔انہوں نے کہا کہ جموں کیلئے انڈیگو کی 13پروازیں شیڈول تھیں جن میں سے 2منسوخ کی گئیں تاہم 11پروازوں نے اڑان بھری۔ادھر حکام نے بتایا کہ انہوں نے 15دسمبر تک پروازوں کا شیڈول طے کیا ہے جس کے بعد موجودہ صورتحال باقی نہیں رہے گی۔انہوں نے کہا کہ 9دسمبر سے نئے شیڈول پر عمل ہورہا ہے۔ کم لاگت والی ایئر لائن نے “شیڈول کے مکمل استحکام” کو حاصل کرنے کے لیے 400-500 پروازیں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ مسافر یقینی طور پر پرواز کر سکیں۔ایئر لائن اب روزانہ 2,300 پروازوں کے بجائے 1,800-1,900 پروازیں چلائے گی۔یہ فیصلہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (کی جانب سے انڈیگوکو 5% یا تقریباً 115 پروازوں میں کمی کرنے کا حکم دینے کے چند گھنٹے بعد آیا ہے، “کیونکہ وہ اپنی تمام پروازیں چلانے کی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی ہے”۔حکام نے بتایا کہ مسافروں کو منسوخی کے بارے میں 72 گھنٹے پہلے مطلع کر دیا جائے گا۔انڈیگو نے کہا کہ8 دسمبر سے وہ اپنے نیٹ ورک میں تمام 138 منزلوں پر پرواز کے لیے واپس آ گئے ہیں اور آن ٹائم پرفارمنس (بھی معمول پر آ گئی ہے۔