سرینگرمیں آئندہ ہفتے کرایہ پرالیکٹرک سائیکل سہولیات کاآغاز پہلے مرحلے میں4اسٹینڈوں پر50سائیکلیں دستیاب ہوں گی

بلال فرقانی

سرینگر//سرینگر میں آئندہ ہفتہ عوامی سطح پر سائیکلوں کے اشتراک کا نظام شروع ہو رہا ہے،جس کے تحت عام لوگ شہر میں کرایہ پر سائیکلوں کی سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔ سمارٹ سٹی مشن کے تحت شہر میں ماحول دوستانہ پہل،پہلے ہی جموں شہر میں شروع ہوچکی ہے،اور اب آئندہ ہفتے سرینگر کے شہری بھی اس سے مستفید ہونگے۔سرینگر اسمارٹ سٹی لمٹیڈ کے اشتراک سے’کَرعو الیکٹرک ‘ اس سہولیت کا سلسلہ شروع کر رہی ہے،جس میں پہلے مرحلے پر50الیکٹرک سائیکلوں کی سہولیات دستیاب رہیں گی۔ کرعو الیکٹرک کے شریک بانی شیخ یامن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس پروجیکٹ میں مجموعی طور پر200سائیکلوں کو شامل کیا جائے گا تاہم پہلے مرحلے پر صرف50 سائیکلوں کو دستیاب رکھا جائے گا،جس کی کھیپ وادی پہنچ چکی ہے۔ شیخ یامن نے بتایا’’ چونکہ موسم سرما میں اس کا آغاز ہو رہا ہے اور آزمائشی و پہلے مرحلے میں50سائیکلوں کو شامل کیا جائے گا اور4 سائیکل اسٹینڈکو قائم کئے جائیں گے‘‘۔انہوں نے کہا کہ یہ اڈے اسلامیہ کالج،کشمیر یونیورسٹی،فور شور اور ڈلگیٹ میں قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر اس پروجیکٹ میں موسم بہار میں200سائیکلوں کو دستیاب رکھا جائے گا اور سائیکل اسٹینڈوں کی تعداد بھی21کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پائین شہر کے علاوہ سیاحتی مقامات،تعلیمی اداروں اور اہم مقامات کے گرد نواح میں ان سائیکل اسٹینڈوں کو قائم کیا جائے گا۔ کرعو الیکٹرک کے ڈائریکٹر اور ہیڈ آف آپریشنز زبیر بٹ کا کہنا تھا کہ ان سائیکلوں میں’جی پی ایس‘ نصب ہوگا،اور کرایہ بھی منٹوں کی بنیاد پر لیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ خواہشمند حضرات فون نمبرات پر بھی سائیکلوں کو پیشگی میں بُک کر سکتے ہیں،جبکہ ادائیگی بھی دستی اور ڈیجٹل بنیادوں پر کی جاسکتی ہے۔ زبیر بٹ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں مخصوص سائیکلوں کا استعمال کیا جائے گا تاہم دوسرے مرحلے میں غیر جنسی بنیادوں پر اس میں سائیکلوں کی ایک او رکھیپ شامل کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ طلاب کو رعایت بھی دی جائے گی،اور موسم سرما میں یہ سروس صبح9بجے سے شام7بجے تک دستیاب رہے گی۔ زبیر کا کہنا تھا کہ لوگ ایک سائیکل اسٹینڈ سے سائیکل لیکر دوسرے اسٹینڈ پر اس کو جمع کر سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا’’پبلک سائیکل شیئرنگ سسٹم نہ صرف شہریوں کو اچھی صحت برقرار رکھنے میں مدد دے گا بلکہ شہر میں آلودگی کی سطح کو بھی کم کرے گا۔‘‘