جموں// جموں و کشمیر حکومت نے ہندی اور اردو میں سرکاری نقشوں کی تیاری کے لیے مقامات کے ناموں کے ہجے اور ان کے علاقائی زبانوں میں ترجمہ کی تصدیق اور حتمی شکل دینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی جموں و کشمیر کے نقشے کی تیاری کیلئے مقامات کے ناموں کی یکسانیت اور معیاری املا کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ہندی اور اردو ایڈیشنوں کیلئے ان کے درست ترجمے کی ذمہ دار ہوگی۔کمیٹی کی صدارت ڈائریکٹر، جموں و کشمیر اینڈ لداخ جیو اسپیشل ڈائریکٹوریٹ، سروے آف انڈیا کریں گے جو کنونیئر بھی ہوں گے۔دیگر ارکان میں محکمہ منصوبہ بندی،ترقی و نگرانی کے سپیشل سیکریٹری گلزار احمد ڈار ،پر وفیسر، شعبہ ہندی، سینٹر فار ڈسٹنس اینڈ آن لائن ایجوکیشن، یونیورسٹی آف جموں،ڈاکٹر انجو شرما تھاپا، اور اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ اردو، یونیورسٹی آف کشمیر،ڈاکٹر مشتاق حسین مغلو شامل ہیں۔حکم نامے کے مطابق کمیٹی کے بنیادی ذمہ داری میں جموں و کشمیر کے تمام مقامات کے ناموں کی معیاری املا کو موجودہ سرکاری ریکارڈ، نقشوں اور نوٹیفکیشنوںکے مطابق حتمی شکل دینا شامل ہوگا۔اس کے علاوہ کمیٹی انگریزی زبان میں موجود وضاحتی نوٹس کا ہندی اور اردو میں درست اور یکساں اصطلاحات کے ساتھ ترجمہ بھی کرے گی تاکہ سرکاری نقشہ سازی میں زبانوں کے درمیان ہم آہنگی اور درستگی کو یقینی بنایا جا سکے۔