پونچھ+کپوارہ// پونچھ اور کپوارہ میں سڑک کے الگ الگ حادثوں میں دو ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔سرنکوٹ پونچھ میں ایک گاڑی کے کھائی میں گرجانے کے نتیجے میں دونوجوان ہلاک ہوگئے۔ مرہہ سے بفلیاز کی طرف گاڑی زیر نمبرJK06/5429جارہی تھی اورکاٹھ مرہہ سرنکوٹ میں حادثہ پیش آیا جس کے نتیجہ میں 20سالہ عابد حسین ولد محمد صادق کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ 25سالہ عمران احمد ولد عبدالقیوم سب ڈسٹرکٹ ہسپتال سرنکوٹ لے جاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔ دونوں نوجوانوں کی لاشیں جب آبائی گھر مرہہ لائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔ ادھر کرالہ پورہ کپوارہ میں ایک ٹرک اورٹاٹا سوموکے درمیان ٹکر ہونے سے پانچ افرادکے زخمی ہوگئے ۔معلوم ہواکہ یہ حادثہ سوموارکو صبح 9بجے اُس وقت پیش آیا،جب ایک پلیٹ فارم ٹرک زیرنمبرJK02X-9735جو چوکی بل سے کپوارہ آرہی تھی ،نے این ٹی پی ایچ سی پنزگام کے نزدیک ایک ٹاٹا سوموگاڑی زیرنمبرJk05A-6618 کوٹکر ماردی ۔اس حادثے میں ٹاٹا سومومیں سوار دو خواتین سمیت پانچ افرادزخمی ہوگئے ،جن میں شرافت علی (ڈرائیور)کے علاوہ شفقت احمد،محمدایوب شاہ ،ولایت جان ز وجہ محمدیونس اورجمیلہ زوجہ عبدالرشید شامل ہیں ۔سبھی زخمیوں کو ایس ڈی ایچ کپوارہ پہنچایاگیا،جہاں سے دوشدیدزخمیوںکوضلع اسپتال ہندوارہ منتقل کیاگیا۔کپوارہ پولیس نے اس المناک سڑک حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ اس سلسلے میں ضروری تحقیقات شروع کردی گئی ۔(مشمولات جے کے این ایس)