جاوید اقبال
مینڈھر//ڈپٹی کمشنر پونچھ شری اشوک کمار شرما کی ہدایت اور چیف میڈیکل آفیسر پونچھ ڈاکٹر پرویز احمد خان کی نگرانی میں بلاک منکوٹ کے سرحدی گاؤں سیلانی میں ایک خصوصی طبی کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ کا بنیادی مقصد دور دراز اور سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی اور معیاری صحت سہولیات فراہم کرنا اور مختلف سرکاری صحت پروگراموں کو مؤثر انداز میں نافذ کرنا تھا۔یہ طبی کیمپ بی ایم او مینڈھر ڈاکٹر محمد اشفاق کی قیادت میں منعقد کیا گیا، جس میں محکمہ صحت کی تربیت یافتہ ٹیم کے علاوہ ڈی پی ایم یو اور بی پی ایم یو نے بھرپور تعاون کیا۔کیمپ کے دوران مقامی لوگوں کو بلڈ پریشر، شوگر، تپ دق (ٹی بی) اور خون کی کمی کی مفت جانچ کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ حاملہ خواتین کے لئے قبل از ولادت نگہداشت کی خدمات، ادویات کی فراہمی اور ضروری طبی مشورے بھی دئیے گئے۔ 70 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لیے وے وندنا کارڈ کی رجسٹریشن کی گئی جبکہ مختلف قومی صحت پروگراموں کے بارے میں آگاہی سیشن بھی منعقد کئے گئے۔طبی کیمپ میں مقامی آبادی نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس سے یہ واضح ہوا کہ ضلع انتظامیہ صحت کے شعبے میں عوام دوست اقدامات کے ذریعے بہتر، آسان اور بروقت خدمات کی فراہمی کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ عوام نے انتظامیہ اور محکمہ صحت کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے کیمپوں کے انعقاد کا مطالبہ کیا۔