نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے مانپور علاقہ میں جانے والی سڑک انتہائی خستہ حال ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سرحدی دیہا ت مانپور ،ڈھینکہ ،بریری ،کلسیاں ودیگر علاقوں کی عوام ہو سہولیت فراہم کرنے کیلئے تعمیر کی گئی سڑک اب مکمل طورپر خراب ہو چکی ہے جس میں ٹرانسپورٹروں کا چلنا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایک وسیع علاقہ کو سہولیات فراہم کرنے والی 19کلو میٹر سڑک پر روزانہ فوجی اور سیول گاڑیوں کی ایک بڑی تعداد چلتی ہے تاہم خراب سڑک کو معیاری بنانے کیلئے انتظامیہ و متعلقہ محکمہ کی جانب سے کوئی دھیان نہیں دیاجارہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ سڑک 7پنچایتوں کی عوام کو فائدہ پہنچا رہی ہے لیکن متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس کی مرمت کیلئے گزشتہ کئی عرصہ سے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کو قابل آمد ورفت بنانے کیلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔