محتشم احتشام
پونچھ // سرحدی ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں میں منگل کے روز برف باری کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث بالائی اور پہاڑی علاقوں کی فضا مکمل طور پر سرد ہو گئی۔ وقفے وقفے سے ہونے والی برف باری کے نتیجے میں پہاڑوں کی بلند چوٹیوں پر برف کی سفید چادر بچھ گئی، جس سے قدرتی مناظر نہایت دلکش اور روح پرور دکھائی دینے لگے۔اطلاعات کے مطابق تحصیل منڈی کے لورن اور ساوجیاں کے بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث سردی کی لہر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے مقامی آبادی کو شدید ٹھنڈ کا سامنا ہے۔ دوسری جانب شہر خاص میں اگرچہ پورے دن موسم خشک رہا اور دھوپ کھلی رہی تاہم دھوپ کے باوجود تیز اور سرد ہوائیں چلتی رہیں، جنہوں نے سردی کی شدت کو دو چند کر دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہوا کی تیزی کے باعث درجۂ حرارت میں واضح کمی محسوس کی گئی، جس کے نتیجے میں روزمرہ معمولاتِ زندگی بھی کسی حد تک متاثر ہوئے۔اس دوران عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ سرد موسم کے پیش نظر ضروری احتیاط برتیں، گرم لباس کا استعمال کریں اور موسمی پیش گوئیوں پر توجہ رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔