سوپور//سوپور میں ’سب کیلئے مکان ‘اسکیم کے تحت سینکڑوں مستفیدین اور چھاپڑی فروشوں نے میونسپل کونسل سوپوراورضلع انتظامیہ کے خلاف کئی برس گزرجانے کے باوجود معقول فائدہ نہ پہنچانے کے خلاف احتجاج کیا۔احتجاجیوں نے اقبال مارکیٹ سوپور میں دھرنا دے کرمیونسپل کونسل سوپورکے خلاف نعرے بازی کی ۔احتجاج میں شامل ایک احتجاجی نے کہا کہ ہم گزشتہ کئی برس سے جدوجہدکررہے ہیں اورحکام ایک یادوسرے بہانے تاخیرکررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے متعدد مرتبہ متعلقہ حکام سے رجوع کیالیکن انہوں نے زبانی وعدوں کے سواکچھ نہیں کیااورہمیں کب اس اسکیم سے فائدہ مہیا کیاجائے گا۔انہوں نے مزیدکہا کہ میونسپل کونسل حکام نئے مستفیدین کو اس اسکیم کے تحت لے رہے ہیں جبکہ پرانے معاملوں کو ایک طرف رکھا گیا ہے۔ہم یہاں اپنے مطالبے کے حق میں احتجاج کررہے ہیں۔اسی طرح بیسیوں چھاپڑی فروشوں جنہیں سوپور قصبے میں چارروزقبل ایک مہم کے دوران قصبے کی سڑکوں سے ہٹایا گیاتھا ،نے انہیں مناسب طور معقول جگہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ وہ اپنے کاروبار کو جاری رکھ سکیں۔اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر سوپور میونسپل کونسل کی صدر مسرت کار نے کہا کہ وہ اس معاملے میں کچھ نہیں کرسکتی ہیں کیوں کہ یہ معاملہ متعلقہ حکام کے پاس ہے۔انہوں نے مابعد احتجاجیوں کے ساتھ اقبال مارکیٹ میں شمولیت کی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ سوپور میونسپل کونسل میں گزشتہ آٹھ ماہ سے ایگزیکٹیوافسر کی کرسی خالی ہے جس کی وجہ سے قصبے کی سرکاری اور ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ آرہی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سوپور میونسپل کونسل میں ایگزیکٹوافسر کی غیرموجودگی میں انہیں مشکلات کاسامنا ہے اورانہوں نے حکومت کی بھی تنقید کی اورکہا کہ وہ سوپورقصبے کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کررہی ہیں۔انہوں نے لیفٹینٹ گورنر سے اپیل کی کہ وہ سوپور میونسپل کونسل میں مناسب افسر کو میونسپل کونسل کا ایگزیکٹیو افسر تعینات کریں تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات کاازالہ ہو۔