سرینگر //کشمیر صوبے میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت اور متاثرین کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے صوبائی انتظامیہ نے وادی کے تمام نجی اور سرکاری اسپتالوں میں روز مرہ کی جراحیوں کو منسوخ کردیا ہے۔ ڈیویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ میں بتایا گیا ہے کہ کشمیر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال طبی سہولیات کے معقول استعمال کی طرح اشارہ کررہا ہے تاکہ موجودہ شعبہ صحت پر زیادہ دبائو نہ پڑے، اس لئے روز مردہ کی جراحیوں کو فی الحال ملتوی کیا جائے‘‘۔حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ اس وقت شعبہ صحت کی تمام توجہ کورونا متاثرین کے علاوہ و معالجہ کیلئے استعمال کیا جانا چاہئے۔حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں میں معمول کی جراحیوں کو فی الحال ملتوی کیا جاتا ہے تاہم انتہائی ایمرجنسی کی صورتحال میں لازمی جراحی کی اجازت ہوگی۔حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی، مختلف بیماریوں میں مبتلا مریضوں انتہائی علیل مریضوں، ڈائلیزس مریضوں اور زچگی کیلئے ایمرجنسی خدمات معمول کے مطابق کام کریں گی۔ حکم نامہ میں تمام ڈپٹی کمشنروں اور چیف میڈیکل آفیسر کو ہدایت دی گئی ہے کہ طبی اداروں کا دورہ کریں اور حکم نامہ کے اطلاق کو یقینی بنائیں۔