محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے سرحدی علاقے ساوجیاں میں بجلی کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو چکا ہے، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مسلسل، بے وقت اور طویل بجلی کٹوتی نے عوام کی روزمرہ زندگی مفلوج کر کے رکھ دی ہے جبکہ حالات دن بہ دن ابتر ہوتے جا رہے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کھانے کے اوقات، نماز کے وقت، بچوں کی تعلیم اور دیگر اہم لمحات میں عین اسی وقت بجلی غائب ہو جاتی ہے جب اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ اس غیر یقینی صورتحال نے گھریلو نظام، تعلیمی سرگرمیوں اور مذہبی فرائض کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس سے عوام میں شدید اضطراب پایا جا رہا ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق دن کے اوقات میں بھی بجلی شاذ و نادر ہی دستیاب ہوتی ہے جبکہ رات کے اہم اوقات میں بار بار کٹوتی معمول بن چکی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ محض تکنیکی خرابی نہیں بلکہ ضلع و تحصیل انتظامیہ اور محکمہ پی ڈی ڈی کی سنگین غفلت اور ناقص منصوبہ بندی کا واضح ثبوت ہے۔مقامی باشندوں نے سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اگر بجلی کی فراہمی کو فوری طور پر بہتر نہ بنایا گیا تو اس کی مکمل ذمہ داری ضلع انتظامیہ، تحصیل انتظامیہ اور محکمہ پی ڈی ڈی پر عائد ہوگی۔ بارہا شکایات کے باوجود کوئی مؤثر اقدام نہ ہونا انتظامی کارکردگی پر بڑے سوالیہ نشان کھڑا کرتا ہے۔عوام نے اعجاز احمد جان (ایم ایل اے حویلی) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری مداخلت انہوں نے کہا کہ وہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ محکمہ پر دباؤ ڈالیں۔علاقہ مکینوں نے واضح کیا ہے کہ اگر بجلی کے اس بحران پر فوری قابو نہ پایا گیا تو وہ پرامن مگر سخت عوامی احتجاج پر مجبور ہوں گے، جس کے تمام تر نتائج کی ذمہ داری انتظامیہ اور محکمہ پی ڈی ڈی پر عائد ہوگی۔