سانبہ فیکٹری میں پراسرار دھماکہ، ایک ہلاک

نیوز ڈیسک

جموں// سانبہ ضلع کے بڑی برہمنہ علاقے میں سنیچر کو ایک سکریپ فیکٹری میں مارٹر گولہ پھٹنے سے ایک شخص ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوگئے۔ سانبہ کے ایس ایس پی بینم توش نے بتایا کہ متوفی کی شناخت راجوری علاقہ سے موہن لال کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس نے مزید کہا کہ مارٹر گولوں کو بے اثر کرنے کے بعد یہاں لایا جاتا ہے۔ توش نے سباش چندر اینڈ سنز نامی فیکٹری کے اندر پیش آنے والے واقعے میں کسی بھی دہشت گردی کے زاویے سے انکار کیا ہے۔تمام چھ افراد جو زخمی ہوئے ، اب جموں گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) بھیجے گئے ہیں۔توش نے کہا، واقعے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔پولیس نے تصدیق کی ہے کہ زخمیوں کا تعلق یوپی، اتراکھنڈ، بشناگ، رام گڑھ، رام نگر اور باری برہمن سے ہے۔

بانڈی پورہ میں کارروائی
۔2ملی ٹینٹ معاون گرفتار ، اسلحہ بر آمد
عازم جان

بانڈی پورہ//جموں و کشمیر پولیس نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر بانڈی پورہ کے سملر علاقے میں لشکر طیبہ سے منسلک دو معاونین کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے مجرمانہ مواد اور دو چینی گرینیڈ برآمد کیے ۔ پولیس نے ہفتہ کو کہا”ملی ٹینٹوں کے معاونین کی نقل و حرکت سے متعلق مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، پولیس نے14آر آر اور 3بٹالین سی آر پی ایف کے ساتھ مل کر فشریز فارم کے قریب دو مشتبہ افراد ابرار احمد وانی عرف ابو قادر اور دانش پرویزساکنان سملر کو روکا اور انکی تلاشی لی۔ پولیس نے کہاکہ چیکنگ کے دوران ان کے قبضے سے دو چینی دستی بم اور دیگر مجرمانہ مواد برآمد ہوا۔ انہیں گرفتار کر کے پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا جہاں وہ زیر حراست ہیں۔انکے خلافپولیس سٹیشن بانڈی پورہ میں UAPA کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔