سمت بھارگو
راجوری//سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجوری گورو سِکر وار نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع میں سال 2025 کے دوران پولیس کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور سال 2026 کے لئے پولیسنگ کا تفصیلی روڈ میپ بھی عوام کے سامنے رکھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ راجوری پولیس نے سال بھر دہشت گردی، منشیات، سائبر جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں انجام دیں۔ایس ایس پی نے بتایا کہ سال 2025 کے دوران ضلع بھر میں انسدادِ دہشت گردی کے تحت جارحانہ آپریشنز انجام دئیے گئے، جن کے دوران آٹھ دہشت گرد ٹھکانے تباہ کئے گئے جبکہ دس دہشت گرد ہمدردوں کو حراست میں لیا گیا۔ اس کے علاوہ قانون کے تحت 152 اوور گراؤنڈ ورکرز (او جی ڈبلیوز) کے خلاف بھی احتیاطی کارروائی عمل میں لائی گئی تاکہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے ایس ایس پی گورو سِکر وار نے کہا کہ ضلع میں غیر قانونی طور پر وی پی این کے استعمال کو روکنے کے لئے خدمات بلاک کی گئیں اور اس سلسلے میں پانچ مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کو روکنا پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔منشیات کے خلاف مہم کا ذکر کرتے ہوئے ایس ایس پی نے بتایا کہ سال 2025 میں منشیات اسمگلنگ اور فروخت کے خلاف 80 ایف آئی آرز درج کی گئیں اور 120 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔ مزید برآں، 12 عادی منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ منشیات کی ترسیل میں استعمال ہونے والی 30 گاڑیاں ضبط کی گئیں۔ پولیس نے اس دوران تقریباً سات کلوگرام ہیروئن اور تین کلوگرام چرس بھی برآمد کی۔جرائم کی مجموعی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ایس ایس پی نے بتایا کہ ضلع میں درج ہونے والے تقریباً 85 فیصد مقدمات کو سال 2025 کے دوران نمٹا دیا گیا، جو پولیس کی مؤثر کارکردگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بیرون ملک روپوش پانچ اشتہاری مجرموں کو لک آؤٹ سرکلر (ایل او سی) جاری کرنے کے بعد واپس لایا گیا۔سائبر فراڈ کے معاملات میں پولیس کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے ایس ایس پی نے کہا کہ مختلف کارروائیوں کے ذریعے تقریباً ایک کروڑ روپے کی رقم برآمد کر کے متاثرہ افراد کو واپس دلائی گئی، جس سے عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہوا۔مویشی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کی تفصیلات دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سال 2025 میں 197 مقدمات درج کئے گئے، 147 گاڑیاں ضبط کی گئیں، 264 ملزمان گرفتار ہوئے اور 978 مویشیوں کو اسمگلروں کے چنگل سے آزاد کرایا گیا۔سال 2026 کے لائحہ عمل کے حوالے سے ایس ایس پی گورو سِکر وار نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور تمام ایجنسیاں باہمی تال میل سے کام کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، خاص طور پر وائٹ کالر دہشت گردی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔