نیویارک //سال 2021 میں صحافیوں کو جیل بھیجنے کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا، نیویارک کی کمیٹی برائے جرنلسٹ پروٹیکشن (سی جے پی) کے مطابق گرفتار ہونے والے صحافیوں میں بیشتر کا تعلق چین اور میانمار سے ہے۔سی جے پی نے اپنی سالانہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ دنیا بھر میں رواں سال 293 صحافیوں کو قید کیا گیا، چین میں 50، برما میں 26، مصر میں 25، ویتنام میں 23 اور بیلاروس میں 19 صحافیوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔سعودی عرب، ایران، ترکی، روس، ایتھوپیا اور ارتریا کی جیلوں میں قید صحافیوں کا ذکر کرتے ہوئے سی جے پی نے کہا کہ یکم دسمبر تک دنیا بھر کی جیلوں میں قید صحافیوں کی تعداد 293 تک جاپہنچی ہے،گزشتہ سال یہ تعداد 280 تھی۔سی جے پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جوئل سیمون نے کہا کہ ’سی جے پی مسلسل 6 سال سے دنیا بھر میں جیل بھیجے جانے والے صحافیوں کا ریکارڈ تیار کر رہی ہے‘۔ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’خبر نشر کرنے یا عوام کو آگاہی فراہم کرنے پر جیل بھیجنا آمرانہ حکمرانی کی علامت ہے‘۔سی جے پی 40 سال سے صحافیوں کے قتل، گرفتاری، تشدد اور انہیں دھمکانے کے عمل کی مذمت کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر سال اس فہرست میں ممالک کو دیکھنا تکلیف دہ ہے لیکن یہ خاص طور پر خطرناک ہے کہ میانمار اور ایتھوپیا نے آزاد صحافت کے دروازے پر بند کر دیے ہیں۔