بارہمولہ//فیاض بخاری //چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ نے سینٹ جوزف ہائراسکنڈری اسکول کے پرنسپل کوایک وجہ بتائو نوٹس جاری کی ہے جس میں کہاگیاہے کہ اس اسکول میں زیرتعلیم طلاب کے والدین نے یہاں ایک شکایت درج کرائی ہے ،جس میں انہوں نے الزام لگایاہے کہ مذکورہ اسکول کی انتظامیہ نے مارچ2021سے سالانہ فیس ،کمپیوٹر فیس اوردیگر چارجزان سے وصول کئے ہیں ۔چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ نے وجہ بتائو نوٹس میں اسکول پرنسپل پریہ باورکیاہے کہ اسکول نے فروری2021تک سرکاری احکامات کے تحت ہی یہاں زیرتعلیم طلبا وطالبات سے فیس وصول کیا لیکن مارچ2021سے کیوں زیرتعلیم طلاب سے پورا سالانہ فیس ،کمپیوٹر فیس اوردیگرچارجز وصول کئے گئے ہیں ۔انہوں نے مزیدلکھاہے کہ چیف ایجوکیشن آفس بارہمولہ کے پاس وہ ثبوت(رسید)ہیں ،جو یہ ثابت کرتے ہیں کہ اسکول انتظامیہ نے واقعی سالانہ فیس اوردیگرچارجز لئے ہیں ۔چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ نے 'سینٹ جوزف ہائراسکنڈری اسکول'بارہمولہ کے پرنسپل کوخبردارکیاہے کہ اسکول انتظامیہ نے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کاارتکاب کیا ہے ۔تاہم 3جون 2021کوارسال کردہ نوٹس زیرنمبرCEO/Bla/Pvt Schol/2946-48میں سینٹ جوزف اسکول بارہمولہ کی انتظامیہ سے کہاہے کہ وہ ان خلاف ورزیوں کے بارے میں دوروز کے اندراندر وضاحت پیش کریں۔