سرینگر//جموں کشمیر کے سابق گورنر جگموہن سنگھ، جنہوںنے 1990 میں جموں کشمیر میں اپنے فرائض انجام دیئے،بدھ کو 93کی عمر میں انتقال کرگئے۔جموں کشمیر سرکار نے تین روزہ سوگ کا اعلا ن کیا ہے ۔ آنجہانی کے انتقال پر وزیر اعظم نریندر مودی، نائب صدر جمہوریہ ، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور دیگر سیاسی جماعتوں کے لیڈران نے دکھ کااظہار کیا ہے ۔سابق گورنر جگموہن نے اپنے کیریئر کا آغاز سرکاری افسر کے طور کیا جس کے دوران انہیں ایک بہترین منتظم کے طور جانا جاتا تھا۔بعد ازاں جگموہن کو دلی کا لیفٹیننٹ گورنر بنایا گیا۔جگ موہن جموں و کشمیر میں 1984 سے 89 تک اور پھر جب ملی ٹینسی شروع ہوئی توجنوری سے مئی 1990 تک دو مرتبہ گورنر کے عہدے پر فائز رہے ۔ بعد ازاں جب یہاں ملی ٹنسی شروع ہوگئی تو جگموہن کو ایک بار پھر1990میں تعینات کیا گیا۔انہوں نے بعد میں بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور لوک سبھا میں کئی باردلی کی نمائندگی کی۔وہ اٹل بہاری واجپائی کے دور اقتدار میں وزیر بھی رہے۔ جموں کشمیرسرکار نے 4مئی سے 6مئی تک سوگ کا اعلان کیا ہے اس دوران ریاست کی سرکاری عمارتوں پر ترنگا سرنگو ں رہے گا۔