جموں//سابق نائب وزیرا علیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ اورسابق وزیرچودھری ذوالفقار علی نے یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔ڈاکٹرنرمل سنگھ نے لیفٹیننٹ گورنر کے پاس چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا جو غیر دریافت شدہ سیاحتی اِمکانی علاقوں کی ترقی ،توی ریور فرنٹ کے کام میں تیزی لانے ، دیالچک۔چالان روڈ کو وسعت دینے اور لکھن پور ۔مہان پور۔ بسوہلی ۔ڈنیرہ روڈ کی تعمیر سے متعلق ہے ۔اُنہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ اَدا کیا جن کی ہدایت پر بسوہلی میں واٹر سپورٹس بنیادی ڈھانچہ قائم ہوا ۔ڈاکٹر نرمل سنگھ نے علاقے میں واٹر سپورٹس سہولیات کو بڑھانے کی درخواست کی تاکہ اسے ایک بڑا سیاحتی مرکزبنایا جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سابق نائب وزیرا علیٰ کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بسوہلی کو جدید سہولیات کے ساتھ آبی کھیلوں کی ایک منفرد منزل کے طورپر فروغ دینے کے لئے ٹھوس کوششیں کر رہی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے سیاحت کے فروغ کے لئے ایک کثیر الجہتی حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے توی ریور فرنٹ کی ترقی پر کہا کہ منصوبے اور دیگر اہم آبی منصوبوں کی تیزی سے تکمیل ہو رہی ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جموں توی بیراج کو ایک سال کی مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایات پہلے ہی دی جاچکی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے سابق نائب وزیرا علیٰ پر زور دیا کہ وہ تمام محاذوں پر لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے اِپنی مسلسل کوششیں جاری رکھیں۔سابق وزیر چودھری ذوالفقار علی نے یہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کے ساتھ راج بھون میں ملاقات کی۔ سابق وزیر نے لیفٹیننٹ گورنر کو ایکلاویا ماڈل رہائشی سکولوں اور قبائلی ریسرچ اِنسٹی چیوٹ کے آپریشنل کرنے کے مطالبات کی ایک یادداشت پیش کی جس میں انس آبپاشی منصوبے پر عمل در آمد ،کوترانکا ۔ خواص روڈ کی تعمیر ، پیری میں نئے ڈگری کالج کا قیام ، ڈگری کالج کوترانکا کی تعمیروغیرہ شامل ہیں ۔اُنہوں نے راجوری۔ پونچھ میں سیاحتی شعبے کی ترقی کے مسئلے کی طرف لیفٹیننٹ گورنر کی توجہ مبذول کرائی۔ فارسٹ رائٹس ایکٹ پر تیز ی سے عمل درآمد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت جنگلاتی حقوق ایکٹ کو عملی طور پر نافذ کر رہی ہے اور قبائلی برادریوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے کئی اِقدامات کر رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سابق وزیر کو یقین دِلایا کہ ان کی جانب سے پیش کردہ جائز مسائل اور مطالبات کا جائزہ لیا جائے گا اور ان کا جلد ازالہ کیا جائے گا۔