جموں//ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے رجحان کے ساتھ ڈیجیٹل جرائم میں بھی روزبروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ اس بدعت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی خاطر باخبر رہنا ناگزیر بن گیا ہے ۔ڈائریکٹوریٹ آف جموں سکول ایجوکیشن کی جانب سے اس حوالے سے صوبے بھر میں ایک بیداری مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت طلبہ و طالبات اور اساتذہ کو نہ صرف محتاط رہنے کو کہا گیا ہے بلکہ انہیں اس کے برے نتائج کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔اس مہم کے دوران تقریباً 10 ہزار طلبا و طالبات اور اساتذہ کو مفید مشوروں اور آرا سے روشناس کرایا گیا ہے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزارت داخلہ نے اس ضمن میں مربوط اور جامع اندز سے نمٹنے کے لئے 'انڈین سابئر کرائم کارڈینیشن سینٹر' کے نام سے ایک اسکیم کا قیام عمل میں لایا ہے ۔'آئی فور سی' اسکیم سابئر سیکورٹی، صلاحیت سازی، عوامی آگاہی وغیرہ کے لئے ایک ماحولیاتی نظام تیار کرنے میں بھی سرگرم عمل ہے تاکہ اعتماد پر مبنی معاملات اور سابئر کرائمز کی روکتھام کے لئے موزون ماحول تیار کیا جا سکے ۔ڈائریکٹوریٹ آف جموں اسکول ایجوکیشن کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سابئر جرائم پر قدغن لگانے کے لئے سابئر سیکورٹی کو متحرک و مضبوط بنانے اور اس کے غیر متوقع چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے متعلقین کی کوششوں کو پائیدار طریقے سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اس 15 ویں میگا سابئر حفاظتی مہم کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں روی شنکر شرما نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ لوگ انٹرنیٹ کا استعمال بڑے پیمانے پر کر رہے ہیں لہٰذا انٹرنیٹ کے ذریعے قابل رسائی ایسے پلیٹ فارمز/سروسز کے محفوظ استعمال کے لئے صارفین کو بیدار کرنا ناگزیر بن گیا ہے تاکہ وہ اس کے منفی اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔چنانچہ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن جموں کی کونسلنگ سیل نے سابئر کرائم کے مضر اثرات سے بچنے کی خاطر قومی سطح کے ماہرین اور اس سے منسلک باخبر لوگوں کی خدمات حاصل کر کے کئی وبینار اور پروگرام منعقد کئے ہیں۔علاوہ ازیں مذکورہ سیل ہفتہ وار پروگرام 'آو بات کریں' عنوان کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں پر باقاعدگی کے ساتھ کڑی نگاہ رکھے گی۔سابئر کرائم بیداری مہم کے حوالے سے مختلف سرگرمیاں شروع کی گئی ہیں جن میں مباحثے ، نعرے ، تحریر، تقریر، پوسٹر سازی، آڈیو لیکچرز، ویڈیو لیکچراز وغیرہ جیسے پروگرام قابل ذکر ہیں، جن میں اسکولوں طلبا کی شمولیت کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ اس کے مزید وزارتِ الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی حکومت ہند کی جانب سے ایک کوئز پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں فیکلٹی کونسلرز، اساتذہ، طلبا نے بھی حصہ لیا جس کا مقصد سابئر کرائم سے نمٹنے کے لئے حفاظتی تدابیر اپنانے پر روشنی ڈالی گئی۔