جموں//جموں کشمیر سروس سلیکشن بورڈ نے مختلف آسامیوں کیلئے 76 اُمیدواروں کی سلیکشن کو منظوری دی ہے جو مختلف وجوہات کی بنا پر رُکے پڑے تھے ۔ ان سفارشات کو آج امیدواروں کی طرف سے کمیوں کو پورا کرنے کے بعد منظوری دی گئی ۔ بورڈ کے ترجمان ملک سہیل نے کہا ہے کہ بورڈ نے مطلوبہ محکموں سے ان آسامیوں کیلئے تمام وضاحتیں حاصل کیں ۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ سٹیٹ کیڈر کے تحت جن نائب تحصیلدار آسامیوں کیلئے اُمیدواروں کو عارضی طور پر شارٹ لسٹ کیا گیا ہے اُن کا اردو ٹیسٹ مارچ 2019 کے دوسرے ہفتے میں لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ان اُمیدواروں کا انٹر ویو اور کونسلنگ و دستاویزات کی ویری فکیشن کا عمل 12 جنوری 2019 کو مکمل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اردو ٹیسٹ کی تاریخ کا اعلان الگ سے کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اُمیدواروں کو جانکاری دی جاتی ہے کہ نائب تحصیلداروں اور پٹواریوں کی آسامیوں کیلئے اردو ٹیسٹ کوالی فائی کرنے سے متعلق جنرل رہنما خطوط اور اہلیت بورڈ کی نوٹس نمبر ایس ایس بی /ایس ای ایل /ایس ای سی وائی /2017 /11832-46 بتاریخ 18 نومبر 2017 نوٹی فائی کئے گئے ہیں ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ یہ گائیڈ لائینز بورڈ کی سرکاری ویب سائیٹ www.jkssb.nic.in پر بھی دستیاب ہیں اور اُمیدواروں کو صلاح دی جاتی ہے کہ وہ اس کے مطابق ہی امتحان کیلئے تیاری کریں ۔