علی گڑھ//یواین آئی//اترپردیش کے ضلع علی گڑھ کے مختلف اسپتالوں میں زہریلی شراب پینے سے بیمار پڑے مریضوں کی اموات کا سلسلہ ابھی نہیں رک رہا ہے ۔اسی کڑی میں کل زہریلی شراب سے ہونے والی اموات کی تعداد 28کے ہندسے کو عبور کرگئی۔پولیس کے مطابق مہلوکین میں سے اکثر کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جاچکا ہے جبکہ کچھ ابھی پوسٹ مارٹم ہاوس میں قطار میں ہیں۔اسی درمیان ضلع اسپتال و جے این میڈیکل کالج میں زیر علاج درجنوں مریضوں کی تعداد نازک بتائی گئی ہے ۔یوپی حکومت نے اس ضمن میں 5آبکاری افسران بشمول ضلع آبکاری افسر دھیرج شرما، آبکاری انسپکٹر راجیش یادو،ہیڈکانسٹیبل اشوک کمار، انسپکٹر چندرپرکاش یادو اور کانسٹیبل را م راج رانا کو لاپرواہی برتنے کے الزام میں معطل کردیا ہے ۔ایس ایس پی کلا ندھی نیتھانی نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ پولیس نے ابھی تک 3ایف آئی آر درج کر کے 5افراد بشمول انل چودھری(شراب اسمگلنگ گینگ کا ملزم) کو گرفتار کرلیا ہے۔