ایجنسیز
آگرہ (اتر پردیش)// امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ کی صاحبزادی ٹیفنی ٹرمپ نے ہفتہ کے روز اپنے شوہرمائیکل بولوس کے ہمراہ تاریخی تاج محل کا دورہ کیا اور تقریباً ایک گھنٹہ اس عالمی شہرت یافتہ یادگار کی سیر میں گزارا۔حکام کے مطابق ٹفنی ٹرمپ صبح تقریباً 11 بجے اپنے شوہر اور چند قریبی دوستوں کے ساتھ تاج محل پہنچیں۔ انہوں نے یادگار کے مختلف حصوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور احاطے کے مختلف مقامات پر تصاویر بھی بنوائیں۔سیاحتی گائیڈ رمیش دیوان کے مطابق ٹفنی نے تاج محل کی تاریخ اور فنِ تعمیر میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور اس کی تعمیر سے متعلق متعدد سوالات کیے۔دورہ مکمل کرنے کے بعد انہوں نے تاج محل کے حسن اور عظمت کی تعریف کی۔ دورے کے دوران موجود افراد کے مطابق وہ اس تاریخی عمارت کے حسن سے بے حد متاثر ہوئیں۔پولیس حکام نے بتایا کہ ٹفنی ٹرمپ دہلی سے ایک چارٹرڈ طیارے کے ذریعے آگرہ پہنچیں اور آگرہ ایئرپورٹ پر اتریں۔ وہاں سے وہ سڑک کے راستے ایک ہوٹل گئیں اور بعد ازاں گالف کورس روٹ کے ذریعے تاج محل پہنچیں۔اس اعلیٰ سطحی دورے کے پیشِ نظر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ ایئرپورٹ سے تاج محل تک ایک خصوصی سکیورٹی کوریڈور قائم کیا گیا جبکہ راستے اور یادگار کے اطراف اضافی پولیس اہلکار بھی تعینات کیے گئے تھے۔تاج محل کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ٹفنی ٹرمپ اپنے شوہر کے ہمراہ واپس ہوٹل چلی گئیں۔ حکام کے مطابق یہ جوڑا آگرہ میں ایک رات قیام کرے گا، جس کے بعد وہ اپنے دورہ بھارت کے اگلے مرحلے کے لیے روانہ ہوگا۔