بانہال // ضلع رام بن کے ایجوکیشن زون بانہال میں اساتذہ نے پزونل ایجوکیشن آفیسر بانہال کی خالی اسامی کے خلاف پیر کے روز بانہال میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور اپنے مطالبات کو لیکر محکمہ تعلیم کے خلاف نعرے بلند کئے۔احتجاجی اساتذہ کا کہنا ہے کہ ایجوکیشن زون بانہال میں ZEO کی مستقل اسامی پچھلے دو سال سے خالی پڑی ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں اساتذہ تنخواہوں اور دیگر مسائل حل نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہیں اور اس سلسلے میں محکمہ تعلیم اندرونی خلفشار کا شکار ہے اور سزا سینکڑوں اساتذہ کو بھگتنا پڑ رہی ہے۔ بانہال میونسپل پارک میں احتجاج کرنے والے اساتذہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 09 اگست کو ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں کی طرف سے جاری ایک حکمنامے میں پرنسپل ہائیر سیکنڈری سکول بانہال کو DDO کے عارضی اختیارات دیئے گئے تھے اور انہوں نے اساتذہ کی بقایا پڑی دو مہینے کی تنخواہ بھی واگزار کی تھی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بغیر کسی مزید طوالت اور تاخیر کے پہلے ہی جاری کئے گئے حکمنامے کے مطابق پرنسپل ہائیر سیکنڈری سکول بانہال کو زونل ایجوکیشن آفیسر بانہال چارج دیا جائے تاکہ بانہال زون کے ایک ہزار کے قریب ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ احتجاج پر آمادہ اساتذہ نے الزام لگایا کہ محکمہ تعلیم کے ا ندر تال میل کے فقدان اور زمینی حقائق سے بے خبری کی وجہ سے 17 اگست کو پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعلیم کی طرف سے ایک اور حکمنامہ جاری کیا جاتا ہے جس میں بانہال سے قریب تیس کلومیٹر دور زونل ایجوکیشن افسر اْکڑال کو بانہال زون کےDDO اختیارات تفویض کیے تھے لیکن زونل ایجوکیشن آفیسر اْکڑال نے اب تک بانہال میں اپنی ڈیوٹی جوائیں نہیں کی جس کی وجہ سے سینکڑوں اساتذہ کے مسائل جوں کے توں پڑے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہ محکمہ تعلیم کی طرف سے جاری کئے گئے دو حکمناموں کی وجہ سے ٹریجری افسر بانہال اور مقامی ٹیچر مخمصے کا شکار ہیں اور ٹریجری آفیسر بانہال پرنسپل ہائیر سیکنڈری سکول بانہال کے دستخط شدہ بلوں کو ماننے سے انکار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پرنسپل ہائیر سیکنڈری سکول بانہال کو پہلے ہی زونل ایجوکیشن آفیسر کا چارج دیا گیا ہے تو پھر پرنسپل سیکریٹری کا نیا حکم اور ٹریجری آفیسر بانہال کی بلوں کو پاس کرنے میں کی جانے والی آنا کانی اساتذہ خاص کر نان پینشن سکیم کے تحت کام کرنے والے اساتذہ کو تنگ کرنے کے حربے کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔احتجاجی ٹیچروں کا کہنا ہے کہا مجموعی طور پر زونل ایجوکیشن آفیسر بانہال کی اسامی پچھلے دو سال سے خالی پڑی ہے اور اس صورتحال کی وجہ سے سینکڑوں ٹیچروں کی نہ صرف دو مہینے کہ تنخواہوں بند پڑی ہیں بلکہ چائلڈ الاؤنس ، جی پی فنڈ سمیت دیگر ضروری کام مکمل طور سے ٹھپ پڑے ہوئے ہیں اور تعلیمی نظام مزید بد حالی کا شکار ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں نے پوری وادی چناب کو فراموش کر رکھا ہے اور بانہال کے اساتذہ درپیش مسائیل اور شدید مشکلات کی وجہ سے پچھلے تین مہینے سے اپنے بل بوتے پر ZEO کی خالی پڑی اسامی کو پْر کرنے کیلئے اعلی تعلیمی حکام اور گورنر انتظامیہ کو بار بار مطلع کرتے آرہے ہیں لیکن محکمہ کی طرف سے اس معاملے کی طرف سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج کمار سنہا اور اعلی تعلیمی عہداروں سے التجاء کی ہے کہ ایجوکیشن زون بانہال میں زونل ایجوکیشن آفیسر کی اسامی سمیت اساتذہ کے دیگر مسائل پر ہمدردانہ غور کیا جائے تاکہ کارِ سرکار انجام دینے والے ٹیچروں کو مزید مشکلات سے نجات مل سکے۔اس سلسلے میں بات کرنے پر چیف ایجوکیشن آفیسر رام بن ونود کول نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں اور سیکریٹریٹ کی طرف سے جاری دو حکمناموں کی وجہ سے پیدا ہوئے کنفیوژن کو دور کرنے کیلئے محکمہ تعلیم کے اعلی حکام سے خط و کتابت کی گئی ہے اور امید ہے کہ آئندہ چند روز میں یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔