عارضی بندش کے بعد مغل روڈ پر ٹریفک بحال
سرینگر //وادی میں مغربی ہوائوں کے داخل ہونے سے منگل کو دن بھر سرد ہوائیں چلتی رہیں اور اس دوران تلیل اور زوجیلا کے علاوہ کئی بالائی علاقے ایک بار پھر برف سے ڈھک گئے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں اب تک اس موسم کی پہلی برف باری نہیں ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 31دسمبرسے1 جنوری تک موسمی تبدیلی رونما ہوگی اور اس دوران 31ویں رات سے 1 جنوری کی صبح/دوپہر تک کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش/برفباری کے امکان کے ساتھ عام طور پر مطلع ابر آلود رہے گا۔اس دوران شمالی اور وسطی کشمیر کے چند اونچے علاقوں میں اعتدال سے بھاری برف باری ہو سکتی ہے۔ 2 جنوری کو موسم جزوی طور پر ابر آلود اور اس دوران الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش/برفباری کے امکانات بھی ہیں۔3-5 جنوری تک موسم جزوی طور پر ابر آلود اور خشک رہے گا تاہم6 جنوری کو شمالی اور وسطی کشمیر کے الگ تھلگ اونچے علاقوں میں ہلکی برفباری کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔محکمہ موسمیات کے مطابق 7جنوری سے 13جنوری تک موسم عام یا جزوی طور پر ابر آلود رہے گا لیکن اس دوران کوئی برفباری یا بارش کا امکان نہیں ہے۔ البتہ شبانہ ٹھنڈ میں اضافہ ہوگا۔
شاہراہیں
مغل روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت منگل کو دوبارہ شروع کی گئی جب کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے قومی شاہراہ عارضی طور پر بند رہنے کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے کھلی رہی۔حکام نے بتایا کہ راجوری اور پونچھ کے جڑواں اضلاع کو جنوبی کشمیر سے جوڑنے والے مغل روڈ کو موسم سے متعلق خدشات اور دھند کی وجہ سے پہلے احتیاطی اقدام کے طور پر بند کر دیا گیا تھا لیکن صورتحال میں بہتری اور سڑک کی صفائی کے بعد حکام نے ٹریفک کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی۔اس دوران جموں کشمیر نیشنل ہائی وے پر ٹریفک معمول کے مطابق چلتا رہا۔منگل کی دوپہر سے اگلے دو دنوں کے دوران جموں و کشمیر میں بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ منگل کو کشمیر کے اونچی علاقوں میں تمام سڑکیں بند کر دی گئیں۔ محکمہ موسمیات نے اگلے دو روز کے دوران بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ حکام نے سری نگر-لیہہ ہائی وے، ضلع اننت ناگ میں سنتھن پاس، وادی کو جموں کے ضلع کشتواڑ سے جوڑنے والے مرگن پاس پر ٹریفک بند کر دیا گیا ہے۔ادھر گریز شاہراہ پر بھی ٹریفک عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔تلیل اور گریز کے دیگر علاقوں میں اچھی خاصی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔زوجیلا میں بھی منگل کو برفباری ہوئی۔
درجہ حرارت
سرینگر شہر کا کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری سیلسیس رہا۔ وادی کے صرف تین مقامات پر منفی درجہ حرارت درج کیا گیا۔ ان میں گلمرگ میں منفی 1.6 ، پہلگام میں منفی 1.2 اور پلوامہ میںمنفی 1.1ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔جموں شہر میں 8.6 ڈگری سیلسیس، کٹرہ میں 9.8، بٹوٹ 7.7، بانہال 5 اور بھدرواہ میں 3.8 ڈگری درجہ حرارت تھا۔