جموں//کورونا وائرس کی وبا ء کے مد نظر لاک ڈاون سے وادی میں لوگوں کی جان بچانے اور ان کا تحفظ یقینی بنانے کی غرض سے جے اینڈ کے ڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن ( ڈی ایف سی او) نے وافر مقدار میں ادویات ہوائی جہاز کے ذریعے وادی کشمیر بھیج دی۔ ان ادویات کو خصوصی سٹوریج سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے اُنہیں سرینگر میں قائم ایم آر ایس انٹرپرائزز ، ایکسٹنشر فارما ، جے ایس ٹریڈرس، ای ایف ایف اے اے وائی ٹریڈریس ، بہری ایجنسیز اینڈ جے ایس برادرس کے پاس پہنچایا گیا ۔631 کلوگرام وزنی یہ کنسائنمنٹ وادی کے مریضوں کے علاج و معالجہ کے دو ماہ کی مدت کے لئے کافی ہوگا۔یہاںیہ بات قابل ذکر ہے کہ لاک ڈاون اور شاہراہ بند رہنے کے مد نظر وادی میں ادویات کی کمی کے بارے میں موصول رپورٹوں کے بعد ان ادویات کو خصوصی منصوبے کے تحت ہوائی جہاز کے ذریعے وادی پہنچایا گیا۔ اس عمل میں ائیر فورس ، ریڈ کراس اور جموںوکشمیر حکومت کے اعلیٰ افسران کی خدمات بروئے کار لائی گئیں تاکہ مختلف مہلک امراض کے علاج کے لئے ادویات وادی میں ہی دستیاب ہوں۔اس کے علاوہ جموں میں قائم معروف فارما ہاوسز کے پاس موجود 38 سی اینڈ ایف سٹوروں سے کئی دیگر طبی آلات و سازو سامان بھی وادی روانہ کیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں فوجی عملے ، طبی ورکروں اور ضلع انتظامیہ کے لئے پولیوشن ماسکس ، ہینڈ سینٹائز ر ، تھرمل جیکٹ ، این ۔95ماسکس اور ادویات جو کووِڈ۔19مریضوں کے لئے درکار ہے بھی ہوائی جہاز کے ذریعے وادی بھیج دئیے گئے ہیں۔