پلوامہ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے ضلع پلوامہ میں اَپنی نوعیت کے پہلے انڈور زعفران باغ کا دورہ کیا اور اِس کا اِفتتاح کیا۔ اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے مشیر فاروق خان نے ملک کے ا س حصے میں کاشت کی جانے والی زعفران کی مقبولیت اور فروغ کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں ے کہا کہ زعفران گولڈن سپائس ہونے کے ناطے قومی اور بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کی مارکیٹ کی صلاحیت رکھتا ہے۔اُنہوں نے اِس ورثے کی فصل کو فروغ دینے کے لئے محکمہ زراعت کے ساتھ دیگر شراکت داروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ زعفران جموںوکشمیر کی پہچان ہے اور محکمہ زراعت اِس کی پیداوار اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لئے مخلصانہ کوششیں کررہا ہے ۔ اُنہوں نے تقریب میں موجود کسانوں سے کہا کہ وہ زعفران اُگانے والے کاشت کاروں اور بالعموم جموںوکشمیر یوٹی کے معاشی استحکام ، پائیداری اور خوشحالی کے لئے اِنڈور زعفران اُگانے کے ماڈل کو نقل کریں۔