جموں//اگرچہ حکومت کی جانب سے بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے خاطرخواہ اقدامات کے دعوے کیے جارہے ہیں لیکن زمینی سطح پرصورتحال دعوئوں کے برعکس ہے ۔اکثردیہی علاقوں کے لوگ بجلی،پانی ودیگربنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی شکایات کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں لیکن شہرجموں کی مسلم بستیاں بھی انتظامیہ کی عدم توجہی کاشکارہیں جس کی وجہ سے شہرکے قریب رہنے کے باوجودلوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔جموں کے نواحی علاقہ زبیرآبادسنجواں کے لوگوں نے گزشتہ روزاحتجاج کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ دنوں سے سے علاقہ میںبجلی کی عدم دستیابی اورشدیدآنکھ مچولی سے لوگوں کاجینامحال ہوگیاہے۔تفصیلات کے مطابق مظاہرین کا کہنا ہے کہ محکمہ بجلی کی من مرضی کی کٹوتی سے تنگ آچکے ہیں۔مظاہرہ صبح دس بجے شروع ہواجوکئی گھنٹوں تک جاری رہا۔اس دوران لوگوں نے سڑک پرٹائرجلائے اورعلاقہ میں پانی اوربجلی کی قلت کے مسئلے کولے کرمتعلقہ محکموں کوہدف تنقیدبنایا۔لوگوں نے کہاکہ بجلی کی عدم دستیابی سے علاقہ کے بچوں کی تعلیم بھی متاثرہورہی ہے۔عبدالرحمان نامی ایک شخص نے کہاکہ سنجواں میں پچھلے پانچ دنوں سے نایاب ہے جس کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کومحسوس ہورہاہے کہ وہ شہرکے قریب نہیں بلکہ کوسوں دوردیہات میں رہ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ زبیرآباد سنجواں انتظامیہ کی عدم توجہی کاشکارہے۔لوگوں نے بتایاکہ مقامی مکینوں نے محکمہ بجلی کوکئی مرتبہ شکایت کرکے مانگ کی ہے کہ سنجواں میں بجلی سپلائی میں بہتری لانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں لیکن متعلقہ محکمہ ٹس سے مس نہیں ہورہاہے جس کاخمیازہ عام لوگوں کواندھیرے میں رات گزارنے کی صورت میں بھگتناپڑرہاہے۔لوگوں نے محکمہ بجلی کوتنقیدکانشانہ بناتے ہوئے سنجواں میں بجلی کی ناقص سپلائی صورتحال سے اندازہ لگایاجاسکتاہے کہ محکمہ لوگوں کوبہتربجلی سپلائی کی فراہمی کیلئے کس قدرسنجیدہ ہے۔انہوں نے محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام کوہدف تنقیدبنایااورریاستی گورنرانتظامیہ سے مداخلت کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے مانگ کی کہ جموں کی مسلم بستی زبیرآباد سنجواں کے ساتھ امتیازی سلوک کوروکنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں اورمتعلقہ محکمہ کوہدایات جاری کی جائیں کہ سنجواں میں لوگوں کوبجلی سپلائی مہیاکرائی جائے تاکہ لوگوں کی پریشانی کاازالہ ہو۔لوگوں نے انتباہ دیاکہ اگرگورنرانتظامیہ نے سنجواں میں بجلی سپلائی کی فراہمی کویقینی نہیں بنایاتوہم احتجاج کاراستہ اختیارکرنے پرمجبورہوجائیں گے۔۔اس دوران انتظامیہ یا محکمہ بجلی کا کوئی بھی آفیسر موقع پر نہیں پہنچا تاہم چوکی آفیسر بٹھنڈی سب انسپکٹر موقع پر پہنچے اور لوگوں کو یقین دلایا وہ ان کی مشکلات کو محکمہ بجلی کے اعلیٰ افسران تک پہنچائے گے اور یقین دہانی کے بعد لوگوں نے احتجاج ختم کردیا۔