عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کو پی ڈی پی پر الزام لگایا کہ وہ بی جے پی کے ساتھ اپنے “سیاسی اتحاد” سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے اردو کی حیثیت سے متعلق “جھوٹ” بول رہی ہے۔حال ہی میں لگائے جانے والے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہ حکومت اردو کو بطور مضمون ختم کا ارادہ رکھتی ہے، عبداللہ نے واضح کیا کہ انتظامیہ نے محض ایک محکمانہ تجویز پر عوام سے رائے طلب کی تھی جو ان کی میز پر پڑی ہے۔عبداللہ نے مزید کہا، “عوامی رائے مانگنے اور معاملہ چھوڑنے میں فرق ہے‘‘۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ڈراپ پیج کی فائل ابھی تک میری میز پر ہے، میں نے اسے منظور نہیں کیا”۔وزیر اعلیٰ نے اس بات کو تسلیم کیا کہ محکمہ کی طرف سے واقعی ایک تجویز آئی تھی۔
تاہم انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت، ایک منتخب ادارہ کے طور پر، کوئی بھی حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے شہریوں سے رائے لینا ذمہ داری سمجھتی ہے۔وزیر اعلیٰ نے اردو پر ہنگامہ آرائی کو ایک حسابی “جادوئی چال” قرار دیا جس کا مقصد عوام کی توجہ راجیہ سبھا میں پی ڈی پی کے حالیہ اقدامات سے توجہ ہٹانا ہے۔انہوں نے کہا”یہ جادوگر کا جادو ہے، آپ ایک ہاتھ سے کچھ دکھاتے ہیں اور دوسرے سے کچھ کرتے ہیں” ۔انہوں نے الزام لگایا کہ پی ڈی پی نے اردو کا مسئلہ خاص طور پر اٹھایا کیونکہ انہوں نے راجیہ سبھا انتخابات میں بی جے پی کی مدد کی تھی اور وہ اس شراکت پر عوامی جانچ سے بچنا چاہتی تھی۔این سی لیڈر نے کہا کہ خطے میں موجودہ چیلنجز پی ڈی پی کی بی جے پی کے ساتھ اشتراک کی تاریخ کی وجہ سے ہیں۔عبداللہ نے کہا، آج ہم جو کچھ بھی بھگت رہے ہیں وہ اس حقیقت کا نتیجہ ہے کہ وہ بی جے پی کو یہاں لائے اور اس کیساتھ تصفیہ کیا۔، عبداللہ نے کہا، پی ڈی پی قیادت کو جھوٹ کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا۔پی ڈی پی پر تنقید کرتے ہوئے عبداللہ نے کہا کہ اللہ ہمیں ان (پی ڈی پی)لوگوں سے بچائے، جو سچ اور جھوٹ میں فرق نہیں دیکھتے، بدقسمتی سے اس جماعت اور اس جماعت کے لیڈروں کو جھوٹ کے سوا کچھ نظر نہیں آتا۔ انہوں نے اس تنازعہ پر حیرت کا اظہار کیا، خاص طور پر پی ڈی پی لیڈر التجا مفتی کی انتظامی سمجھ بوجھ پر تنقید کی۔انہوں نے کہا”وہ ایک نوجوان لڑکی ہے، لیکن وہ پڑھی لکھی ہے، کیا مجھے اسے مزید پڑھانا ہوگا؟” ۔التجا مفتی نے بدھ کو دعویٰ کیا تھا کہ وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر کی اجتماعی تاریخ سے اردو کو ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔