نئی دہلی//سپریم کورٹ نے میڈیکل کورس میں اندراج کے لئے ملک گیر سطح کے کوٹے میں تمل ناڈو کی طرف سے چھوڑی گئی نشستوں میں دیگر پسماندہ طبقوں (او بی سی) کو 50 فیصد ریزرویشن کو یقینی بنانے سے متعلق درخواستوں کی سماعت سے یہ کہتے ہوئے جمعرات کو انکار کر دیا کہ ریزرویشن کا حق بنیادی حق نہیں ہے ۔جسٹس ایل ناگیشور راؤ، جسٹس کرشن مراری اور جسٹس ایس رویندر بھٹ کی ڈویژن بینچ نے اس مسئلے پر ڈراوڑ منتیرکژگم (ڈی ایم کے )، آل انڈیا ڈراوڑ منیترکزگم (اناا ڈی ایم کے ) اور بائیں بازو کے ایک پلیٹ فارم پر آنے کے سلسلے میں تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ تمام مخالف سیاسی پارٹیاں اس معاملے میں متحد ہو گئی ہیں، لیکن ریزرویشن کا حق بنیادی حق نہیں ہے اور اسے آئین کے آرٹیکل 32 کے تحت چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔کورٹ نے تبصرہ کیا کہ کس کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے ؟ آرٹیکل -32 صرف بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کے لئے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ آپ تمام تمل ناڈو کے شہریوں کے بنیادی حقوق میں دلچسپی رکھتے ہیں، لیکن ریزرویشن کا حق بنیادی حق نہیں ہے۔ جسٹس راؤ نے درخواست گزاروں سے پوچھا،کیا آپ چاہتے ہیں کہ ہم درخواست مسترد کریں یا اپنی درخواست واپس لیں گے ۔ آپ درخواست واپس لینا چاہتے ہیں تو ہم اس کی اجازت دے سکتے ہیں۔