جموں //ریزرویشن پالیسی کی عملدرآمدکو لے کرآل انڈیاایس سی ایس ٹی کنفیڈریشن نے 5نومبر کو سیول سیکرٹریٹ جموں کے گھیرائو کرنے کا اعلان کیا ہے ۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کنفیڈریشن کے ریاستی صدر نے کہا کہ انہوں نے مذکورہ معاملہ پر 9ستمبر کو ریاستی گورنر کو ایک یاداشت پیش کی تھی لیکن اس کے بعد ن کی مانگ کی طرف کو ئی توجہ نہیں دی گئی جس سے مجبور ہو کر انہوں نے دربار موئو کے بعد پہلی مرتبہ جموں میں کام کاج کے دن سیول سیکرٹریٹ کے گھیرائو کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی گور نر کو پیش کی گئی یاداشت میں کنفیڈریشن کی جانب سے ایس سی ،ایس ٹی اور اوبی سی طبقہ کے ملازمین کی ترقیوں میں ریزرویشن،درجہ فہرست ذاتوں کے محکموں میں خالی پڑی اسامیوں کو سروسز سلیکشن بورڈ اور پبلک سروس کمیشن کے تحت پُر کرنا ،منڈل کمیشن کی سفارشات لا گو کرنا ،صفائی کرمچاریوں کو درپیش مسائل حل کرنا ،درجہ فہرست ذاتوں کے زیر تعلیم بچوں کو سہولیات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ مختلف فلاحی اسکیموں کے زیر تحت ملازمین کو لانا شامل تھی ۔کنفیڈریشن کے صدر کلسوتراہ نے کہاکہ اس سلسلہ میں انہوں نے گورنر کے مشیر خورشید احمد غنی کیساتھ بھی ملاقات کی تھی تاہم کوئی معقول جواب نہ ملنے اور اس معاملہ پر انتظامیہ کی غیر سنجیدگی کے بعد انہوں نے سیول سیکرٹریٹ کا گھیرائو کرنے کا فیصلہ لیاہے جس کیلئے تنظیم کو متحد کیاجارہاہے ۔اس موقعہ پر کلسوترہ کے ہمراہ روشن چوہدری ،محمد شفیع ،بنسی لعل چوہدری ،صابر چوہدری ،سنی کمار ،شام بھگت ودیگران بھی موجود تھے ۔