یو این آئی
ریاض/سعودی پرو لیگ کے سب سے بڑے مقابلے “ریاض ڈربی” میں الہلال نے النصر کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر خطاب کی دوڑ میں سات پوائنٹس کی واضح برتری حاصل کر لی ہے ۔ یہ میچ نہ صرف بہترین فٹبال بلکہ ریڈ کارڈ اور کرسٹیانو رونالڈو کے ردعمل کی وجہ سے بھی سرخیوں میں ہے ۔ میچ کے آغاز میں کرسٹیانو رونالڈو نے شاندار گول کر کے النصر کو برتری دلائی۔ یہ ان کے پروفیشنل کیریئر کا 959 واں گول تھا۔میچ اس وقت ڈرامائی رخ اختیار کر گیا جب 60 ویں منٹ میں النصر کے گول کیپر نواف العقیدی کو خطرناک چیلنج پر ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا النصر کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔عددی برتری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے الہلال نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ سالم الدوسری نے پنالٹی پر گول کر کے اسکور برابر کیا، جس کے بعد محمد کنو نے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ آخر میں روبن نیویس نے ایک اور پنالٹی اسکور کر کے فتح 1-3 سے یقینی بنا دی۔میچ کے دوران اور ریڈ کارڈ کے فیصلے پر کرسٹیانو رونالڈو شدید برہم نظر آئے ۔ ان کے مخصوص اشارے اور گراؤنڈ سے باہر جاتے وقت غصے کا اظہار سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے ۔ شائقین اس شکست کو رونالڈو کے لیے پہلا سعودی پرو لیگ خطاب جیتنے کے خواب کو بڑا دھچکا قرار دے رہے ہیں۔الہلال کی یہ مسلسل 18 ویں فتح ہے ، جس نے انہیں لیگ میں ناقابلِ شکست پوزیشن پر پہنچا دیا ہے ۔