نئی دہلی وعدوں کی پاسداری کرے،مزید صبر کا امتحان نہ لے:عمر عبداللہ
گاندربل//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو اس بات کو دہرایاکہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنا اس کے لوگوں کا بنیادی حق ہے اور نئی دہلی پر زور دیا کہ وہ مزید صبر کا امتحان نہ لیں۔گاندربل میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، عبداللہ نے لداخ کو اپنی لپیٹ میں لینے والی بدامنی کی طرح صورتحال کو ہنگامہ خیزی کی طرف نہ جانے دینے سے خبردار کیا۔انہوں نے کہا”یہاں کی صورتحال ایک لمحے میں بدل سکتی ہے، لیکن ہم نہیں چاہتے کہ یہ اس سطح تک پہنچے جس کا ہم لداخ میں مشاہدہ کر رہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا’’ ریاست کا درجہ ہمارا حق ہے، لداخ کے لوگوں نے یونین ٹیریٹری کا درجہ مانگ لیا تھا، لیکن اس سے ان کی زندگیوں میں کوئی بہتری نہیں آئی، ہم نہیں چاہتے کہ یہاں بے گناہوں کو تکلیف پہنچے،” ۔عبداللہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی پرامن طریقے سے اس مسئلے کی پیروی جاری رکھے گی۔وزیر اعلیٰ نے یاد دلایا کہ حکومت ہند پہلے ہی ریاست کا درجہ بحال کرنے کا عہد کر چکی ہے اور سپریم کورٹ کے سامنے یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں اور انتخابات کا عمل مکمل ہو چکا ہے، آگے جو چیز ہے وہ ریاست کی بحالی ہے، لوگوں نے اب تک غیر معمولی صبر کا مظاہرہ کیا ہے لیکن اب وعدہ پورا ہونے کا وقت آ گیا ہے۔لداخ کے تجربے پر روشنی ڈالتے ہوئے عمر عبداللہ نے خبردار کیا ہے کہ یونین ٹیریٹری کا درجہ دینے کے مطالبے کے غیر ارادی نتائج ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا “ہم نے ہمیشہ لداخ کے لوگوں سے کہا کہ وہ جس چیز کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ ان کے لیے مہنگا ثابت ہو سکتا ہے، افسوس کی بات ہے کہ نئے انتظام کے تحت ان کی زندگیوں میں کوئی بہتری نہیں آئی،” ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے کو پرامن طریقے سے اٹھائیں گے۔ ہمارا مطالبہ جائز ہے اور اس کا احترام کیا جانا چاہیے۔