عظمیٰ نیوز سروس
جموں //جموں و کشمیر حکومت نے ریاستی الیکشن کمشنر شانت منو کی خدمات کی شرائط و ضوابط کو باقاعدہ طور پر نوٹیفائی کر دیا ہے۔لیفٹینٹ گورنر کے حکم سے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، شانت منو اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کی تاریخ سے پانچ سال تک یا 70 سال کی عمر تک، جو بھی پہلے ہو، اپنے عہدے پر فائز رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق انہیں مستعفی ہونے کی صورت میں لیفٹیننٹ گورنر کو استعفیٰ پیش کرنا ہوگا، جبکہ ان کی برطرفی متعلقہ ایکٹ کی دفعہ 36B کے تحت عمل میں لائی جا سکتی ہے۔تنخواہ کے حوالے سے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ریاستی الیکشن کمشنر کو وہی تنخواہ دی جائے گی جو انہیں ریٹائرمنٹ کے وقت حاصل تھی، جسے پنشن کے مطابق ایڈجسٹ کیا جائے گا، اور اس کے ساتھ مہنگائی الاؤنس بھی فراہم کیا جائے گا۔مزید برآں، سفری سہولیات، رہائش، طبی سہولیات، چھٹیوں اور ٹیلیفون اخراجات سمیت دیگر مراعات بھی انہیں اسی بنیاد پر فراہم کی جائیں گی جیسی انہیں اپنی سابقہ ملازمت کے دوران حاصل تھیں۔