ایجنسیز
ریاض/پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کے دو بہترین گولز کی بدولت النصر نے ‘ضماک’ کو 1-4 سے شکست دے کر سعودی پرو لیگ کا ٹائٹل جیت لیا۔ 2019 کے بعد یہ النصر کی پہلی اور مجموعی طور پر 11ویں لیگ فتح ہے ۔ النصر کی جانب سے سادیو مانے اور کنگسلے کومن نے ایک ایک گول کیا، جبکہ کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے دو بار گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ اپنا دوسرا گول مکمل کرنے کے بعد رونالڈو جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے ۔ اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں مداحوں نے کھڑے ہو کر اپنے کپتان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ النصر اور الہلال کے درمیان ٹائٹل کے لیے سخت مقابلہ تھا، لیکن النصر کی فتح نے الہلال کی الفیحاء کے خلاف 0-1 کی جیت کو بے معنی کر دیا۔النصر کے کوچ خورخے جیسس سعودی لیگ کی تاریخ کے وہ دوسرے کوچ بن گئے ہیں جنہوں نے دو مختلف کلبوں (الہلال اور النصر) کے ساتھ لیگ خطاب جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے ۔اس شکست کے بعد ‘ضماک’ کی ٹیم سعودی پرو لیگ سے باہر ہو گئی ہے اور اب اسے اگلے سیزن میں فرسٹ ڈویژن میں کھیلنا ہوگا۔یہ جیت کرسٹیانو رونالڈو کے سعودی کیریئر کا پہلا لیگ خطاب ہے ، جو کہ رواں سال موسمِ گرما میں ان کی پرتگال کی جانب سے ممکنہ آخری ورلڈ کپ مہم سے قبل ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے ۔