یواین آئی
ریاض/فٹ بال کی دنیا کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اور ان کے سعودی کلب النصر کے درمیان جاری سرد جنگ ختم ہونے کے قریب ہے ۔ کلب انتظامیہ کو قوی امید ہے کہ پرتگال کے اسٹار فٹ بالر اپنا احتجاج ختم کر کے رواں ہفتے دوبارہ ایکشن میں نظر آئیں گے ۔ کلب حکام کی یقین دہانیوں کے بعد توقع ہے کہ رونالڈو ہفتے کو ہونے والے سعودی پرو لیگ کے میچ میں الفتح کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ النصر کو بدھ کے روز ترکمانستان میں ایشین چیمپئنز لیگ ٹو کا میچ کھیلنا ہے ، تاہم اس اہم مقابلے میں رونالڈو کی شرکت اب بھی مشکوک دکھائی دیتی ہے ۔رونالڈو کی حالیہ دو میچوں (الریاض اور الاتحاد) سے دوری کی وجوہات فٹ بال کے حلقوں میں بحث کا موضوع بنی رہیں۔ رونالڈو کا موقف ہے کہ الہلال کے مقابلے میں النصر کو مالی تعاون میں نظر انداز کیا جا رہا ہے ، بالخصوص جنوری کی ٹرانسفر ونڈو میں الہلال کی بڑی سرمایہ کاری پر انہوں نے ناراضگی کا اظہار کیا۔وہ کلب کے بعض انتظامی فیصلوں سے بھی ناخوش تھے ۔ سعودی پرو لیگ حکام نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ تمام کلبوں کو یکساں فنڈنگ دی جا رہی ہے اور النصر پہلے ہی بھاری رقم خرچ کر چکا ہے ۔ لیگ حکام نے رونالڈو کو وارننگ دی ہے کہ ان کا احتجاج سعودی فٹ بال کے عالمی امیج کو متاثر کر رہا ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اپنے کپتان اور اسٹار کھلاڑی کی غیر موجودگی کے باوجود النصر نے مسلسل دو میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ رونالڈو کے النصر کے ساتھ موجودہ معاہدے میں ابھی 18 ماہ باقی ہیں، جس کا مطلب ہے کہ وہ طویل عرصے تک سعودی فٹ بال کا حصہ رہ سکتے ہیں۔