منسک //روس کے مسلح دستوںکی خصوصی مہم کے دوران خارکیف پر قبضے کے لیے متحارب افواج میں شدید لڑائی جاری ہے۔یوکرین کے دارالحکومت کیف کے مرکزی ٹیلی ویڑن ٹاور پر روسی فضائی حملے میں کم از کم 5 افراد ہلاک ہو گئے البتہ عمارت تباہ نہیں ہوئی۔ شہر میں دھماکے کی آواز سنائی دی جس کے بعد بابی یار ڈسٹرکٹ میں واقع عمارت سے دھواں دیکھا گیا اور ایمرجنسی سروس کے مطابق اس حملے میں پانچ افراد مارے گئے۔یوکرین کے حکام نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں فضائی حملے میں جلنے والی لاشوں اور تباہ شدہ گاڑیاں دکھائی گئیں۔یہ ویڈیو ایک ایسے موقع پر جاری کی گئی جب روس کی فوج لگاتار دوسرے دن خارکیف پر حملہ آور ہے۔ روسی فوج نے کیف کے مرکز سے تقریباً 50 کلومیٹر دور یوکرین کے شہر بورودوجانکا پر حملہ کیا۔ روسی فوج کے اس حملے میں ایک اپارٹمنٹ کے دو بلاکس تباہ ہو گئے ۔اس حملے میں زخمیوں اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ہے ۔معلومات کے مطابق حملہ میں اپارٹمنٹ کے کچھ حصے منہدم ہو گئے ہیں۔ اسی دوران قریبی کھیل کے میدان میں آگ بھڑک اٹھی۔ ایک ویڈیو میں ایک شخص کو یہ کہتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے کہ ‘ایک طیارے نے دو بار ٹیک آف کیا، یہاں تین یا چار بم گرائے ’۔روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوف نے بدھ کو کہا کہ روسی فوج نے یوکرین کی انفارمیشن وار اینڈ سائکولوجیکل آپریشنز سنٹر اور یوکرین سیکورٹی سروس (ایس بی یو) کی سہولت کو نشانہ بنایا ہے تاکہ روس کے خلاف کیف کے معلوماتی حملوں کو روکا جاسکے ۔مسٹر کوناشنکوف نے نامہ نگاروں سے کہاکہ روس کے خلاف انفارمیشن حملے کو روکنے کیلئے روسی فوج نے کیف میں ایس بی یو ٹیکنیکل سروس اور 72ویں انفارمیشن سنٹر اور سائکولوجیکل آپریشن سنٹر پر مہلک ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ فوجی مہم کے دوران کسی بھی رہائشی عمارت کو نقصان نہیں پہنچایا گیا ہے ۔