روس کی جاپان میں فرضی ہدف کو نشانہ لگانے کی مشق

ماسکو//جدید بمبار طیاروں کی پرواز کے بعد روس نے سی آف جاپان میں فرضی ہدف کو نشانہ لگانے کی مشق میں سپر سانک اینٹی شپ میزائل فائر کیے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ تقریبا 100کلو میٹر دور موجود ہدف کو دو موسکیٹ کروز میزائلوں سے براہ راست نشانہ لگایا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق موسکیٹ درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا سپر سونک کروز میزائل ہے، جو 120 کلو میٹر تک کی رینج میں جہاز کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔رپورٹس کے مطابق ایک ہفتے قبل دو روسی اسٹریٹجک بمبار طیاروں نے سی آف جاپان کے اوپر پرواز کی تھی۔ادھرجرمنی نے لیپرڈ 2 جنگی ٹینکوں کی پہلی کھیپ یوکرین روانہ کر دی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن وزیر دفاع بورس پسٹوریئس کا کہنا ہے کہ یوکرین کے عملے کو ٹینکوں کے استعمال کی تربیت دینے کے بعد اٹھارہ جدید ترین جنگی ٹینک یوکرین کو فراہم کیے گئے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ یوکرین کو بھیجے جانے والے ٹینک جنگ کے دوران فرنٹ لائنز پر فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں،یوکرین کئی مہینوں سے روس کے حملوں کا جواب دینے کے لئے مزید جدید گاڑیاں اور ہتھیاروں کے نظام کا مطالبہ کر رہا ہے۔یوکرینی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ سے چیلنجر 2 ٹینک بھی یوکرین پہنچ چکے ہیں۔