کیف//یوکرین نے کہا ہے کہ روسی فوجیوں نے دونیتسک اور لوہانسک کے بعض شہروں اور آبادیوں پر حملے کئے ہیں۔یوکرین جنرل اسٹاف ہیڈ کوارٹر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایک دروزکے دوران روس، یوکرین پر 2میزائل اور 25فضائی حملے کر چکا ہے، روس نے دونیتسک کے شہر ‘درڑکیوکا’ میں شہری انفراسٹرکچر اور دیگر آبادیوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کئے ہیں، حملوں کے نتیجے میں شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔بیان کے مطابق روسی فوجوں نے لیمان، باہموت، آودییوکا اور مارینکا کی سمتوں میں حملوں میں اضافہ کر دیا ہے اور یوکرینی فوج ایک روز میں روسی فوج کے 50سے زائد حملے پسپا کر چکی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ باہموت، آودییوکا اور مارینکا میں شدید جھڑپیں جاری ہیں اور لوہانسک کے شہر کریمینا کے جنوب میں روسی حملوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ادھریوکرین کے وزیر کھیل نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کے خلاف جاری جنگ میں یوکرین کے 262 ایتھلیٹس جان کی بازی ہار گئے اور کھیلوں کی 363 سہولیات کو تباہ کر دیا گیا۔خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق یوکرین کے وزیر کھیل ودیم ہتسیت نے دورے پر آئے ہوئے انٹرنیشنل فیڈریشن آف جمناسٹک کے صدر موریناری واتنابے سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ روس کے کسی ایتھلیٹ کو اولمپکس یا دیگر کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ وہ تمام روسی ایتھلیٹ اس جنگ کی حمایت کرتے ہیں اور اس جنگ کی حمایت میں منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کرتے ہیں۔