سرینگر //بی جے پی لیڈرڈاکٹر درخشا ںاندرابی نے کہا ہے کہ حکومت جموں وکشمیر میں صوفی مقامات کو روحانی سیاحت کی منزل قرار دینے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔اپنے کولگام کے دورے کے دوران انہوں نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی سرکار لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ ہے ۔ ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کنڈ کولگام کو سیاحتی نقشہ میں شامل کرنے پر حکومت کو یاداشت پیش کی تھی جس کو حکومت نے قبول کر لیا ہے ۔مقامی لوگوں نے درخشاں اندابی کی اس کوشش کی سراہنا کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر اندرابی نے گذشتہ ماہ کنڈ کو جموں و کشمیر کے سیاحتی نقشے میں شامل کرنے کے بارے میں لوگوں سے وعدہ کیا تھا اور انہوں نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا تھاجنہوں نے اس مطالبے کو قبول کیا اور گذشتہ ہفتے اس علاقے کو سیاحتی مقام کے طور پر شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔منگل کو اپنے کنڈ دورے کے دوران ڈاکٹر اندرابی کے ساتھ بی جے پی کے ضلعی صدر کولگام عابد حسین خان اور پارٹی کے دیگر رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر درخشاں اس علاقے کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ انہوں نے لوگوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کنڈ علاقے کے لوگوں کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے پر ایل جی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے اس علاقے کو معاشی طور پر مضبوطی ہوگی اور انہیں کافی فائدہ پہنچے گا ۔انہوں نے چوگام میں نو تعمیر شدہ 6. 3 ایم وی گرڈ اسٹیشن کا بھی دورہ کیا اور لوگوں کو یقین دلایا کہ اس اسٹیشن پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کی تعمیر سے علاقے کے 24 ہزار کنبوں کو فائدہ پہنچے گا ۔ ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ علاقے میں پینے کے پانی کی کمی کے بڑے مسئلے پر حکومت جلد ہی کوئی فیصلہ لے گی ۔انہوں نے اس دوران حضرت نور شاہ بغدادی ؒ کے مشہور مزار کا دورہ کیا اور زیارت کی عمدہ بحالی اور انتظام کیلئے مقامی کمیٹی کی تعریف کی۔ ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے مزار پر لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام صوفی مقامات کو روحانی سیاحت کی منزل قرار دینے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جموں وکشمیر میں عوامی مسائل اور مطالبات سے متعلق لوگوں کو ہر طرح کا تعاون پیش کیا ہے۔